اشتیاق ملک
ڈوڈہ //جموں و کشمیر کے ڈوڈہ ضلع میں ایک فوجی اہلکار کی اس وقت موت ہو گئی جب اس کی سروس رائفل غلطی سے ایک کیمپ کے اندر چلی گئی۔عہدیداروںنے بتایا کہ سپاہی سریش بسوال گارڈ کی ڈیوٹی پر تھے جب ان کے ساتھیوں نے پیر کو بھدرواہ کے سرنا کیمپ میں ان کی پوسٹ سے گولی چلنے کی آواز سنی۔ان کا کہنا تھا کہ فوجی خون میں لت پت پایا گیا اور اسے فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا جہاں اسے مردہ قرار دے دیا گیا۔پولیس سپرنٹنڈنٹ، بھدرواہ، ونود شرما نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ اوڈیشہ کا رہنے والا سپاہی اپنی سروس رائفل کے چیمبر کو اتارتے وقت حادثاتی طور پر ڈسچارج ہونے کی وجہ سے اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے تفتیشی کارروائی جاری ہے۔ اس دوران ڈوڈہ ضلع کی سب ڈویژن گندوہ کے دور دراز گاوں شنگنی میں 55 سالہ ایک شخص کی لاش درخت کے ساتھ لٹکی ہوئی ملی ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق منگل کی صبح پولیس کو شنگنی گائوں میں ایک شخص کی درخت کے ساتھ لٹکی ہوئی لاش پڑی ہے۔اس کے فورا بعد پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور لاش کو سب ضلع ہسپتال گندوہ منتقل کیا گیا ہے جہاں اس کی شناخت سیف الدین عمر55سال ولد علم دین ساکنہ شنگنی کے طور پر ہوئی ہے۔بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ شخص نے درخت کے ساتھ لٹک کر خودکشی کی ہے تاہم پولیس نے معاملہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔