بی آر او کی کارروائی سے سینکڑوں مسافر محفوظ، بھدرواہ ،بنی،بسوہلی شاہراہ دوبارہ بحال
عظمیٰ نیوز سروس
ڈوڈہ //جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں اتوار کی شام برفانی تودہ گرنے سے بھدرواہ،پٹھانکوٹ بین الریاستی شاہراہ عارضی طور پر بند ہوگئی، جس کے باعث درجنوں گاڑیاں پھنس گئیں۔ تاہم بعد ازاں بروقت ریسکیو اور برف ہٹانے کی کارروائی کے بعد سڑک کو ٹریفک کے لیے بحال کردیا گیا۔یو این ایس کے مطابق ایس پی بھدرواہ ونود شرما کے مطابق برفانی تودہ شام تقریباً 5 بجے تھنتھرا اور گلدندہ کے درمیان، بھدرواہ قصبے سے قریب 18 کلو میٹر دور گرا۔ واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ حکام کے مطابق گلدندہ خطے کا معروف سیاحتی مقام ہے اور واقعے کے وقت 250 سے زائد سیاحتی گاڑیاں اس علاقے سے گزر چکی تھیں، جبکہ چند درجن مقامی تاجروں کی گاڑیاں راستے میں پھنس گئیں۔دریں اثنا، بارڈر روڈز آرگنائزیشن کی 118 روڈ کنسٹرکشن کمپنی (آر سی سی) نے خراب موسمی حالات کے باوجود فوری کارروائی کرتے ہوئے مقامی پولیس اور صحت حکام کے ساتھ مشترکہ ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ افسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ کرنل جیویتی ش ریزورا کی قیادت میں ٹیم نے برف ہٹانے والی مشینری تعینات کی اور تقریباً 200 پھنسے ہوئے افراد جن میں سیاح اور مقامی شہری شامل تھے ،کو بحفاظت محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ کسی زخمی یا ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی۔ حکام کے مطابق بی آر او نے چٹرگلہ پاس پر شدید برفباری کے باعث بند بھدرواہ،بنی،بسوہلی قومی شاہراہ کو بھی کھول دیا، جس سے کٹھوعہ ضلع کے بنی اور ڈوڈہ کے بھدرواہ کے درمیان رابطہ بحال ہوگیا۔ 84 کلو میٹر طویل بنی،بھدرواہ روٹ دونوں اطراف سے وین، کاروں اور منی بسوں کے لیے کھول دیا گیا ہے، تاہم باقاعدہ بس سروس ابھی شروع نہیں ہوئی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بھدرواہ نے ضلعی انتظامیہ، بی آر او، پولیس اور طبی ٹیموں کی مشترکہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ شاہراہ کو رات تقریباً 8 تا 9 بجے کے درمیان مکمل طور پر ٹریفک کے لیے بحال کردیا گیا۔ عوام کو ہدایت دی گئی ہے کہ برف پوش علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسمی اپ ڈیٹس اور سرکاری ایڈوائزری پر عمل کریں۔ادھر بی جے پی رہنما رامنک سنگھ منہاس نے بھدرواہ،چمبا قومی شاہراہ کی مسلسل بندش پر محکمہ تعمیرات عامہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ بہتر دیکھ بھال اور ٹریفک کی روانی کے لیے اس سڑک کو بھی بی آر او کے سپرد کیا جائے۔