اشتیاق ملک
ڈوڈہ // ڈوڈہ ضلع میں منگل کو ایک ہی کنبے کے تین افراد کار کے ایک حادثے میں دریائے چناب میں ڈوب گئے۔پولیس نے بتایا کہ یہ حادثہ صبح 5.30بجے بٹوٹ-ڈوڈہ-کشتواڑشاہراہ پر پل ڈوڈہ کے قریب گڈسو میں پیش آیا۔ ایس ایس پی ڈوڈہ عبدالقیوم نے بتایا کہ منگل اعلیٰ الصبح ماروتی گاڑی زیر نمبر/6311 JK06A حادثہ کا شکار ہو کر چناب برد ہو گئی جس میں سوار بھدرواہ سنگوئی گائوں سے تعلق رکھنے والے ایک ہی کنبہ کے افراد ڈوب گئے۔انہوں نے کہا کہ31سالہ منجیت سنگھ ولد پریتم سنگھ، اس کی اہلیہ29سالہ سونیا سنگھ اور 5سالہ بیٹی سکھوندر اپنی گاڑی میں سفر کر رہے تھے۔ایس ایس پی نے مزید کہا کہ پولیس، فوج، ریاستی ڈیزاسٹر ریسپانس فورس، چناب ریسکیورز اور مقامی رضاکار موقع پر موجود ہیں اور تینوں کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔انکا کہنا تھا کہ چھ گھنٹے کے بعد امدادی ٹیم گاڑی کو چناب سے باہر نکالنے میں کامیاب ہوئی تاہم اس میں سوار افراد کا کوئی سراغ نہیں ملا۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ بھدرواہ سے جموں جارہے تھے اور تیل ڈالنے کی غرض سے پل ڈوڈہ سے گڈسو پیٹرول پمپ کا رخ کیا جس دوران انہیں حادثہ پیش آیا۔