اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کے میدانی و بالائی علاقوں میں گذشتہ شب شروع ہوئی بارشوں کا سلسلہ اتوار کو دن بھر جاتی رہا جس کے نتیجے عام زندگی متاثر ہوئی ہے۔شدید بارشوں کے نتیجے میں ڈوڈہ، بھدرواہ ،ٹھاٹھری ،گندوہ بھلیسہ ،بونجواہ، عسر مرمت کے ندی نالوں میں طغیانی آگئی اور ڈوڈہ بٹوت قومی شاہراہ سمیت ٹھاٹھری کلہوتران شاہراہ و دیگر رابطہ سڑکوں پر وقفے وقفے سے پسیاں و پتھر گرنے کا عمل جاری رہا تاہم انتظامیہ نے کی بروقت کارروائی سے اہم شاہراہوں پر ٹریفک کو بحال کیا گیا۔ اس دوران بجلی کے 33کے وی نظام میں خرابی آنے کے باعث پچھلے بیس گھنٹوں سے سب ڈویژن گندوہ بھلیسہ ،ٹھاٹھری و بونجواہ میں بجلی نظام ٹھپ ہوا ہےوہیں متعدد علاقوں سے ملی اطلاعات کے مطابق پانی کی کئی اسکیمیں سیلاب سے متاثر ہوئیں ہیں جس کی وجہ سے مقامی آبادی کو پینے کے صاف پانی کی کمی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔موسلا دھار بارش سے سڑکوں پر سیلابی صورتحال پیدا ہوئی ہے اور بیشتر مقامات پر لکڑی کے عارضی پل و پگڈنڈی راستے سیلاب میں بہہ گئے ہیں اور زرعی شعبے کو بھی نقصان پہنچا ہے جبکہ کئی تعمیراتی ڈھانچے غیر محفوظ بن گئے ہیں۔ ادھر سیول و پولیس انتظامیہ نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے لوگوں سے خراب موسم میں سفر کرنے سے گریز کرنے و تمام حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کی اپیل کی ہے۔پولیس و سیول انتظامیہ نے اس حوالے سے الگ الگ کنٹرول روم قائم کرکے ہیلپ لائن نمبرات بھی جاری کئے ہیں اور لوگوں سے کسی بھی ایمرجنسی کے دوران ان نمبرات پر رابطہ کرنے کی اپیل کی ہے۔خراب موسم کے چلتے و اساتذہ و بچوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے حکام نے آج صوبہ جموں کے ساتھ ساتھ ڈوڈہ ضلع میں سبھی تعلیمی ادارے بند رکھنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔