اشتیاق ملک
ڈوڈہ //پچھلے تین روز تک مطلع صاف رہنے کے بعد منگل کو بعد دوپہر ڈوڈہ ضلع کے بالائی علاقوں میں ایک بار پھر سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جس کے نتیجے میں معمولات زندگی متاثر ہوئی۔مسلسل بارشوں کے باعث جہاں ٹھاٹھری کلہوتران شاہراہ سمیت ضلع کی مختلف رابطہ سڑکوں پر پتھر و پسیاں کھسکنے و زمینیں دھنسنے کا سلسلہ بھی شروع ہوا ہے اور متعدد مقامات پر سڑک کو بھاری پسی گر آنے کے باعث عارضی طور پر بحال کیا گیا ہے۔اس دوران ندی نالوں میں بھی طغیانی آگئی ہے اور پگڈنڈی راستے بھی تباہ ہوئے ہیں۔ متواتر بارشوں سے بجلی و پانی کے نظام کو بھی نقصان پہنچا ہے جبکہ فصلوں، پھلوں و زرعی اراضی بھی تباہ ہوئی ہے ۔حالیہ تباہ کن بارشوں سے گندوہ بھلیسہ، چلی پنگل ،کاہرہ ،ٹھاٹھری ،چرالہ بھدرواہ ،گندنہ و ڈوڈہ ضلع کے بیشتر علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوئی ہے اور وسیع پیمانے پر عوامی پراپرٹی کو نقصان پہنچا ہے۔بھٹیاس چلی سڑک تین ہفتوں سے بڑی گاڑیوں کے لئے بند پڑی ہے جس کی وجہ سے دس ہزار سے زائد آبادی متاثر ہو رہی اور ابھی تعمیراتی کام بند ہیں اور راشن کی سپلائی معطل ہے۔عوام نے بنیادی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ سڑک رابطوں کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔