اشتیاق ملک
ڈوڈہ //محکمہ موسمیات کی پیشگی اطلاع کے عین مطابق ڈوڈہ ضلع میں پیر کو وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں ایک بار پھر سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔اس دوران انتظامیہ کی ہدایات پر ضلع بھر میں تعلیمی ادارے بند رہے۔اطلاعات کے مطابق پیر کے روز ڈوڈہ، بھدرواہ ،ٹھاٹھری،گندوہ بھلیسہ و عسر مرمت کے مضافات میں وقفے وقفے سے بارش جاری رہی جس کے نتیجے میں عام زندگی متاثر ہوئی۔موسلا دھار بارشوں سے جہاں ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا وہیں رابطہ سڑکیں زیر آب آگئے اور متعدد علاقوں سے مقامی لوگوں کے مطابق تعمیراتی ڈھانچوں کو بھی جزوی نقصان پہنچا ہے۔اس دوران بجلی کے ترسیلی نظام میں خرابی آنے کے باعث گندوہ و ٹھاٹھری کے متعدد علاقوں میں بجلی متاثر ہوئی جبکہ پینے کے پانی کی اسکیموں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔اادھر انتظامیہ نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے لوگوں سے حفاظتی اقدامات اختیار کرنے و ندی نالوں کا رخ کرنے سے گریز کرنے کی اپیل کی۔موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے حکام نے ڈوڈہ ضلع میں احتیاطی تدابیر کے طور پر سبھی تعلیمی اداروں میں پیر و منگل کو بند رکھنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔