اشتیاق ملک
ڈوڈہ // جمعرات کی شب و جمعہ کے روز ڈوڈہ، بھدرواہ، ٹھاٹھری و گندوہ بھلیسہ کے مضافات میں شدید بارش ہوئی جس کی وجہ سے علاقہ میں سیلابی صورتحال پیدا ہوئی۔متواتر بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی اور متعدد مقامات پر پل و پگڈنڈی راستے سیلاب سے تباہ ہوئے۔ اس دوران دھنوڑی نالہ کالجگاسر میں ایک پل سیلاب کے ریلے میں بہہ گیا جس کی وجہ سے النی، کالجگاسر، سیرو و دیگر گاؤں کا راستہ منقطع ہوا ہے۔مقامی سرپنچ جے پال نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ شدید بارشوں سے فصلوں و زرعی شعبے کو بھاری نقصان پہنچا ہے وہیں چنگا کالجگاسر سڑک بھی تباہ ہوئی ہے۔انہوں نے کہا دھنوڑی نالہ میں پل سیلاب میں بہہ گیا جس سینکڑوں نفوس پر مشتمل آبادی کا زمینی رابطہ منقطع ہوا ہے۔
ادھر ملکپورہ چلی روڈ پر بھی سڑک کا ایک حصہ دھنس گیا ہے جس کی وجہ سے ٹریفک نظام معطل ہوا ہے وہیں ٹھاٹھری کلہوتران ،پل ڈوڈہ ٹھاٹھری و اندرونی دیہات کی رابطہ سڑکیں بھی خستہ ہوئی ہیں اور کئی جگہوں پر پسیاں گرنے کا سلسلہ شروع ہوا ہے۔ موسلا دھار بارشوں سے زرعی اراضی کے ساتھ ساتھ تعمیرات، پانی و بجلی نظام بھی متاثر ہوا ہے۔ادھر انتظامیہ نے لوگوں سے خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے احتیاط کرنے و ایمرجنسی کے دوران کنٹرول روم کے ساتھ رابطہ کرنے کی اپیل کی ہے۔