اشتیاق ملک
ڈوڈہ //گذشتہ دنوں کی طوفانی بارشوں سے جہاں ڈوڈہ ضلع کے ایڈیشنل ضلع بھدرواہ ،سب ڈویژن گندوہ و ٹھاٹھری میں سینکڑوں تعمیرات و زرعی شعبہ کو بھاری نقصان پہنچا ہے وہیں مواصلاتی نظام سمیت بنیادی نظام درہم برہم ہوا ہے۔اس دوران ضلع طوفانی بارشوں کے دوران دو کمسن بچیوں سمیت 5افراد جاں بحق ہوئے ہیں اور ایک شخص زخمی ہوا ہے۔ اطلاعات کے مطابق رواں ہفتے کو پیر کے روز روبینہ بیگم (30)زوجہ امتیاز احمد گندوہ سب ڈویژن گندوہ کے گاؤں سرلہ سمائی کے دھنکڑ نالہ میں غرقاب ہوئی تھی وہیں منگل کو تحصیل چلی پنگل کے گاؤں امرت پورہ چنیاس میں 13 سالہ عاصیہ بانو دختر محمد رمضان مکان گرنے سے فوت ہوئی جبکہ اسی روز کاہرہ کے ٹانٹا گاؤں میں نور محمد (25)ولد محمد اقبال وانی نالہ میں بہہ گیا اور بھدرواہ کے تھنالہ گاؤں میں راحیلہ (12)دختر مرحوم عبدالکبیر مکان کی چھت گرنے سے جاں بحق ہوئی۔بدھ کو گندوہ سب ڈویژن کے گاؤں کلہوتران میں گلشن بیگم (38) زوجہ شوکت علی بٹ پسی کی زد میں آکر فوت ہوئی۔اسطرح سے گندوہ سب ڈویژن میں دو خواتین سمیت 3اموات ،کاہرہ تحصیل میں ایک نوجوان کی موت و بھدرواہ میں ایک کمسن بچی جاں بحق ہوئی ہے اور گندوہ پسی کی زد میں آکر ایک شخص زخمی ہوا ہے۔