اشتیاق ملک
ڈوڈہ//ڈوڈہ بٹوت شاہراہ پر عسر کے نزدیک ایک المناک سڑک حادثہ میں تعمیرات عامہ کے 3اعلیٰ آفیسر اور انکا ڈرائیور لقمہ اجل بن گئے۔مہلوکین میں سپر انٹنڈنٹ ، ایگزیکٹیو اور اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئرس شامل ہیں۔یہ المناک حادثہ پیر کی صبح ساڑھے دس بجے کے قریب پیش آیا۔یہ تینوں آفیسر جموں سے ڈوڈہ کی طرف ایک بلیرو گاڑی زیر نمبر JK02CC/0701 میں آرہے تھے لیکن ترنگل پل عسر کے نزدیک انکی گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر تین سو فٹ نیچے گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں تعمیرات عامہ ڈوڈہ کےایگزیکٹیو انجینئر(EX.Eng) محمد رفیق شیخ ساکن سرنکوٹ پونچھ، اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر(AEE) کمل کشور (40)ساکن جکھینی ادھمپور او رڈرائیور عبد الحفیظ ساکن ڈوڈہ موقع پر ہی لقمہ اجل بن گئے جبکہ چناب سرکل کے سپر انٹنڈنٹ انجینئر(SE) سریش کمار شدید زخمی ہوئے۔جنہیں فوری طور پر جی ایم سی جموں منتقل کردیا گیا جہاں وہ دیر شام گئے زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھے۔اس حادثہ کے فورا بعد مقامی این جی او الخیر آرگنائزیشن کے رضاکار، پولیس و مقامی لوگ موقع پر پہنچے اور بچائوکارروائی شروع کی۔پولیس و مقامی لوگوں کی مدد سے لاشوں کو کھائی سے نکال کر پی ایچ سی عسر میںلیاگیا جہاں ڈاکٹروں نے طبی لوازمات مکمل کرکے انہیں ورثا کے سپرد کیا جبکہ سپرنٹنڈنٹ انجینئر سریش کمار کو شدید زخمی حالت میں گورنمنٹ میڈیکل جموں منتقل کیا گیا۔پولیس نے معاملہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔
منوج سنہا کا اظہار رنج و غم
نیوز ڈیسک
جموں// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ڈوڈہ میں پیش آئے حادثے میں انسانی جانوں کے زیاں پر رنج و غم کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہا ’میں نے ضلع انتظامیہ کو متاثرین کو تمام ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت دی‘۔انہوں نے ٹویٹ میں کہا ’میں پسماندگان سے تعزیت پیش کرتا ہوں اور زخمی افسر کی فوری صحتیابی کے لئے دعا گو ہوں‘۔