یو این آئی
واشنگٹن// سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ ہفتہ کو پنسلوانیا میں ایک انتخابی ریلی کے دوران جان لیوا حملے میں بال بال بچ گئے تاہم وہ اس حملے میں معمولی طور پر زخمی ہوئے جبکہ اسلحہ بردار کی فائرنگ سے ناظرین کی گیلری میں بیٹھا ایک شخص کی موت ہوگئی اور ریپبلکن ایم پی کے رشتہ دار سمیت دو افراد شدید طورپر زخمی ہو گئے۔ ڈونالڈ ٹرمپ پر تقریر کے دوران حملہ کیا گیا اور حملہ آور نزدیکی بلڈنگ پر کچھ سو فٹ کی دوری پر تھا۔ٹرمپ پنسلوانیا کے بٹلر میں کل شام تقریباً 6 بجکر15منٹ پر انتخابی جلسہ سے خطاب کررہے تھے۔حملہ آور کو سابق صدر کی حفاظت کے لیے تعینات سیکریٹ سروس کے اہلکاروں نے ہلاک کر دیا۔خفیہ سروس حکام نے کہا ’’ایک بندوق بردار اور کم از کم ایک ناظرین ہلاک اور دو دیگر شدید زخمی ہو گئے‘‘۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں ٹرمپ کو ان کے کانوں سے خون رستے دیکھا جا سکتا ہے۔ ایک اعلیٰ سرکاری اہلکار نے بتایا کہ ’’ہم نے سخت حفاظتی انتظامات کیے ہیں، سابق صدر کو قتل کرنے کی کوشش کی تحقیقات کی جا رہی ہیں‘‘۔ خفیہ سروس کے ترجمان انتھونی گگلیلمی نے ایک بیان میں کہا’’ٹسبرگ سے 30 میل شمال میں بٹلر میں تقریباً شام 6:15بجے ریلی کی جگہ کے باہر ایک بلند مقام سے گولیاں چلائی گئیں۔ اس دوران ٹرمپ نے اپنے دائیں کان پر ہاتھ رکھا اور پوڈیم پر جھک گئے۔ خفیہ سروس کے ایجنٹوں نے انہیں گھیر لیا اور اسٹیج سے نیچے اتار کر لے گئے۔ سابق صدر کا چہرہ خون میں لت پت تھا۔امریکہ کے فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) نے سابق صدر پر جان لیوا حملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔مقامی میڈیا نے اتوار علی الصبح اطلاع دی کہ ایف بی آئی نے حملہ آور کی شناخت پنسلوانیا کے 20 سالہ تھامس میتھیو کروکس کے طور پر کی ہے اور اس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔ ایف بی آئی کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے، “ایف بی آئی نے پنسلوانیا کے بٹلر میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر حملہ کرکے انہیں زخمی کرنے والے شخص کی شناخت پنسلوانیا کے بیتھل پارک سے تعلق رکھنے والے 20 سالہ تھامس میتھیو کروکس کے طورپر کی ہے۔”واقعے کے فوری بعد الرٹ سیکیورٹی اہلکاروں نے حملہ آور کو ہلاک کردیا۔ اس کیلئے ٹرمپ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور الرٹ سیکورٹی اہلکاروں کا شکریہ بھی ادا کیا ۔حملے میں ٹیکساس کے ریپبلکن ایم پی رونی جیکسن کا بھتیجا بھی شدید زخمی ہوا۔ جیکسن نے کہا کہ ان کے بھتیجے کی ‘گردن’ میں چوٹ لگی تھی۔ ایک گولی اس کی گردن سے گزری جس سے خون بہہ رہا تھا۔ امریکی ایوانِ نمائندگان کے مرکزی تفتیشی بورڈ نے سابق صدور اور موجودہ صدر کی سیکیورٹی کی ذمہ دار امریکی خفیہ سروس کی ڈائریکٹر کمبرلی چیٹل کو مسٹر ٹرمپ پر حملے کے سلسلہ میں طلب کیا ہے۔