عارف بلوچ
اننت ناگ//ڈورو شاہ آباد میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تکمیل آخری مرحلے میں ہے۔پلانٹ مکمل ہونے سے سینکڑوں افراد کو صاف و شفاف پینے کا پانی فراہم ہوگا۔ فلٹریشن پلانٹ تقریبا 83 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے۔یہ پروجیکٹ تحصیل کے سہہ پورہ،میرمیدان،آرہ بل ،کھڈحمام بستیوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کرے گا۔ اس طرح ان علاقوں کے مکینوں کی دیرینہ طلب کو پورا کیا جائے گا۔ڈورو اور اس کے گردونواح علاقوں میں پینے کے پانی کی فراہمی ویری ناگ چشمے سے نکلنے والے چھوٹی چھوٹی نہروں سے ہوتی ہے،جو گندگی اور غلاظت سے بھرے پڑے ہوتے ہیں اور برسات میں تو پانی زیادہ آلودہ رہتا ہے،جس کی وجہ سے بارہا لوگ دست اور قے بیماری کا شکارہوئے،اور آبادی نے کئی بار حکام کو علاقہ میں فلٹریشن پلانٹ تعمیرکرنے کی مانگ کی۔پروجیکٹ کے بارے میں بات کرتے ہوئے جل شکتی کے ایگزیکٹو انجینئر فدا حسین رضوی نے تصدیق کی کہ پلانٹ تکمیل 90 فیصد کے قریب ہے اور جلد ہی قصبہ ڈورو کو پینے کا صاف پانی فراہم کرے گا۔یہ پلانٹ ان بستیوں کو روزانہ 10۔3 لاکھ گیلن پانی فراہم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ فلٹریشن پلانٹ کو بجلی کی ضرورت ہوتی ہے۔بلاتعطل آپریشن کو یقینی بنانے کے لیے پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ایک وقف شدہ ٹرانسفارمر نصب کرنے کے عمل میں ہے۔پلانٹ میں استعمال کی جانے والی جدید ٹیکنالوجی بغیر کسی رکاوٹ کے آپریشن کو یقینی بناتی ہے اور فضلے کو جمع ہونے سے روکتی ہے، جس سے رہائشیوں کے لیے پینے کے صاف پانی تک بلا تعطل رسائی ہوگئی۔انہوں نے کہا کہ ڈورو ویری ناگ میں پانی کی قلت کو دور کرنے کیلئے امرت 2 کے تحت ایک اور DPR منظوری کے لئے جمع کیا ہے اور امید ہے کہ اس پر جلد پیش رفت ہوگئی۔ادھر مقامی شہری غلام نبی نے کہا، ’’یہ واقعی ہمارے لیے بہت اچھا لمحہ ہے۔ آخر کار ہمیں پینے کا صاف اور محفوظ پانی ملے گا۔‘‘