سرینگر// گورنر ستیہ پال ملک کی صدارت میںمنعقد ہوئی ریاستی انتظامی کونسل کی میٹنگ میںڈرگ اینڈ فوڈ کنٹرول آرگنائزیشن کی ترتیب نو کو منظور ی دی گئی ۔ فیصلے کے مطابق کمشنر آف فوڈ سیفٹی جے اینڈ کے کا عہدہ اب کمشنر فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن جے اینڈ کے کے نام سے موسوم ہوگا۔کنٹرولر ڈرگ اینڈ فوڈ کنٹرول آرگنائزیشن کے عہدے کو دوبارہ ترتیب دے کر سٹیٹ ڈرگس کنٹرولر کے نام سے موسوم کر کے پے لیول 12 (78800-209200) سے بڑھا کر لیول 13(123100-215900) کردیا گیا ہے۔ ڈپٹی کنٹرولر ڈرگس اینڈ فوڈ کنٹرول آرگنائزیشن کو دوبارہ ترتیب دے کر ڈپٹی ڈرگس کنٹرولر بنایا گیا ہے جبکہ ڈرگ انسپکٹر کا عہدہ اب ڈرگس کنٹرول آفیسر کہلائے گا۔ریاستی انتظامی کونسل نے جونئیر اسسٹنٹوں کی 6اسامیوں کو کم کر کے تین سیکشن افسروں اور تین ہیڈ اسسٹنٹوں کی اسامیوں کو معرض وجود میں لانے کو منظوری دی ہے۔اس کے علاوہ دیگر زمروں کی 44اسامیوں کو بھی منظوری دی گئی ۔ انتظامی کونسل کی میٹنگ میںریاست میں 50نئے ڈگری کالجوں کے قیام کو منظوری دی گئی۔ان میں سے 30نئے ڈگری کالج ایسے مقامات پر قائم کئے جائیں گے جو ابھی اعلیٰ تعلیم کی سہولیت سے محروم ہیں،10نئے کالج خواتین کے لئے مخصوص ہوں گے ۔ اس کے علاوہ 8 پیشہ ور کالج اور 2 ایڈمنسٹریٹیو سٹاف کالج قائم کئے جائیں گے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ گورنر انتظامیہ نے 52نئے کالجوں کو کھولنے کی منظوری دی ہے ۔ان میں سے 39 عارضی عمارتوں میں کام کر رہے ہیں۔یہ کالج رواں اور اگلے مالی سال کے دوران قائم کئے جارہے ہیں جن نئے 50کالجوں کو منظوری دی گئی ہے وہ ان 52کالجوں کے علاوہ ہے۔ انتظامی کونسل کی میٹنگ میں 40بستروں والے جگتی ہسپتال کو ایس ڈی ایچ بنانے کو منظوری دی گئی جبکہ اس ہسپتال کے لئے مختلف زمروں کی 73 اسامیوں کو بھی منظوری دی گئی۔میٹنگ میںایک اہم فیصلے کے تحت اپنی نوعیت کی پہلی جے اینڈ کے سٹیٹ لائیو سٹاک بریڈنگ پالیسی 2019کو منظوری دی۔اس پالیسی کا مقصد مال مویشی ( بھیڑ بکریاں وغیرہ) کی پیداوار اور پیداواریت میں اضافہ کرنا ہے۔