گاندربل//ہزاروں کنال زرعی اراضی کو سیراب کرنے والی ڈب آبپاشی کنال میں گندگی کے ڈھیر جمع ہونے سے لوگوں میں سخت غم وغصہ پایاجارہا ہے۔ منیگام کے مقام پر نالہ سندھ سے شروع ہونے والی ڈب آبپاشی کنال جو منیگام،بنہ ہامہ،وتہ لار،لار،خرانہامہ ،بارسو،کرہامہ،سمیت دیگر علاقوں سے گزرتے ہوئے واکورہ تک ہزاروں کنال زرعی اراضی کو سیراب کرتی ہے،گندگی کے ڈھیر جن میں پلاسٹک کی بوتلیں،پالی تھین کے لفافے سمیت بہت ساری چیزیں بہتی رہتی ہیں ،ایسے میں اگر کسی مقام پر گندگی کے ڈھیر کے آگے کوئی ٹھوس چیز آجائے تو ساری گندگی جمع ہوکر آراضی کی جانب بہتی ہے۔بارسو کے مقامی شہری محمد مقبول نے اس بارے میں بتایا کہ ڈب کنال میں گندگی کے ڈھیر ڈالنے میں ہر علاقے کے لوگوں کا ہی قصور ہے لیکن محکمہ اریگیشن والے بھی صفائی نہیں کرتے۔اس بارے میں جب محکمہ کے ایگزیکٹو انجینئر اعجاز احمد سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ ہم عملہ کو بھیج کر صفائی کے عمل کو شروع کروادینگے ۔