سرینگر //ڈاکٹروں کی جانب سے بار بار ہڑتال کرکے مریضوں کو مشکلات میں دھکیلنے کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر ہیلتھ سروس کشمیر نے تمام ڈاکٹروں کو ہدایت دی ہے کہ نہ وہ غیر ضروری طور پر ڈیوٹی سے غیر حاضر رہیں اور نہ ہی کسی ہڑتال کا حصہ بنیں۔ محکمہ صحت کی جانب سے سوموار کو جاری کئے گئے اس سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹروں کے مطالبات حکومت کے سامنے رکھ دئے گئے ہیں اور حکومت کا فیصلہ آنے تک وہ کسی بھی ہڑتال کا حصہ نہ بنیں۔ سوموار کو جاری کئے گئے سرکیولر میں ڈائریکٹر ہیلتھ سروس کشمیر نے کہا ہے کہ حکومت نے ڈاکٹروں کی مانگوں پر نظر ثانی کیلئے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے جو ڈاکٹروں کے مطالبات کا جائزہ لے رہی ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ہیڈکواٹر کی جانب سے جاری کئے گئے سرکیولر زیر نمبر DHS/DDHQ/17-18/1399-1489میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے ڈاکٹروں کی بار بار ہڑتال کا سنجیدہ نوٹس لیا ہے اور مرکزی اور ریاستی سرکاروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ ہڑتالی ڈاکٹروں کے خلاف سخت کاروائی کریں۔ سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ یہ معاملہ اتھکس کمیٹی کے ساتھ بھی اٹھایا گیا جنہوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی تائید کی ہے اور میڈیکل کونسل آف انڈیا نے بھی ہڑتال پر جانے والے ڈاکٹروں کے خلاف کاروائی کی اجازت دی ہے۔ سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ غریب مریضوں کی ضرورت کو دیکھتے ہوئے تمام ڈاکٹروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر ڈیوٹی سے غیر حاضر نہ رہیں اور نہ ہی کسی ہڑتال کا حصہ بنیں ورنہ انکے خلاف قوائد وضوائبط کے تحت کاروائی کی جائے گی۔