سرینگر//نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے پاکستان زیر انتظام کشمیر کے حوالے سے حالیہ بیان ،جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان زیر انتظام کشمیر پاکستان کا حصہ ہے ، پر جوابی حملوں کا نہ تھمنے والا سلسلہ جاری ہے ۔ جمعہ کے روز جموں کے ایک شہری سوکیش سی کھجوریہ نے ضلع مجسٹریٹ جموں میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور معروف فلم اسٹار ریشی کپور کے خلاف شکایت درج کی ہے ۔کھجوریہ ،جوجموں کشمیر حکومت کی طرف سے تشکیل کردہ سٹیزنز ایڈوائزری کمیٹی کا سابق رکن ہے ، نے ضلع مجسٹریٹ جموں کے پاس ایک شکایتی عرضداشت درج کی ، جسمیں انہوں نے سیکشن زیر نمبر 196CrPCکے تحت ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور ریشی کپور کے خلاف پاکستان زیر انتظام کشمیر کو پاکستان کا حصہ قرار دینے پر کارروائی کرنے کی درخواست کی ہے ۔کھجوریہ نے اس عرضداشت میں دونوں کے خلاف سیکشن زیر نمبر124.ARPCکے تحت کاروائی کرنے پر زور دیا ہے۔واضح رہے کہ ڈاکٹر فاروق کے اس بیان کے حوالے سے مرکزی وزیر مملکت برائے امور داخلہ ہنس راج آہیر کہا ہے کہ پاکستان زیر انتظام کشمیر بھی در اصل ہندوستان کا ہی حصہ ہے ۔