جموں//پرنسپل سیکرٹری سکل ڈیولپمنٹ ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے جموں کے سرکاری انڈسٹریل ٹریننگ انسٹی چیوٹ کا جمعہ کے روز اچانک معائینہ کیا ۔ ڈاکٹر سامون کے ہمراہ مشن ڈائریکٹر سکل ڈیولپمنٹ مشن اور ڈائریکٹر سکل ڈیولپمنٹ تھے ۔ ڈاکٹر سامون نے جموں کے سرکاری آئی ٹی آئی میں پی ایم کے وی وائی 3.0 کے تحت الیکٹرک ڈومسٹک سلیوشن کورس کا معائینہ کیا اور ٹرینیز و عملے کے ساتھ تبادلہ خیال کیا ۔ آئی ٹی آئی جموں برائے خواتین کے دورے کے دوران پرنسپل سیکرٹری نے ادارے کی جانب سے چلائے جا رہے قلیل مدتی کئیر سٹائیلس کورس کا بھی معائینہ کیا ۔ ڈائریکٹر سکل ڈیولپمنٹ نے انہیں جانکاری دی کہ حالیہ مہینوں کے دوران جموں صوبے کے 731 آئی ٹی آئی/پالی ٹکنک فارغ التحصیل تربیت یافتہ افراد مختلفمقامی اور بین الاقوامی کمپنیوں میں تعینات ہوئے ہیں ۔ پرنسپل سیکرٹری نے موقعہ پر ہی آئی ٹی آئی جموں کیلئے ورکشاپ عمارت کی تعمیر کے احکامات صادر کئے ۔ انہوں نے مشن ڈائریکٹر ایس ڈی ایم جے اینڈ کے کو ایڈان سکل ٹریننگ کورس شروع کرنے جن میں بلاک پرنٹنگ ، ٹیکسٹائیلز ڈیزائیننگ اور فیشن ڈیزائیننگ جیسے کورس شامل ہیں ،پی ایم کے وی وائی 3.0 سکیم کے تحت فارغ التحصیل تربیت یافتہ امیدواروں کیلئے شروع کرنے کیلئے کہا۔ انہوں نے بسوہلی پینٹنگ کورس شروع کرنے کی بھی متعلقہ حکام کو ہدایت دی ۔ پرنسپل سیکرٹری نے جانکاری دی کہ جموں کشمیر میں 19 آئی ٹی آئی اور پالی ٹیکنک اداروں کو لرنر ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کی اجازت محکمہ ٹرانسپورٹ نے دی ہے ۔