سرینگر //ڈاکٹرس ایسوسی ایشن کشمیر کے ایک دھڑے نے کہاہے کہ اگر حکومت نے ڈیڑھ ماہ کے اندر اُن کے مطالبات پورے نہیں کئے تو وہ غیر معینہ عرصے کیلئے ہڑتال کریںگے۔ ڈاک نے سوموار کو پریس کالونی میں اپنے مطالبات کو لیکراحتجاجی دھرنا دیا جس میں شامل ڈاکٹروں نے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی۔ وادی کے مختلف ضلع ، سب ضلع ،پرائمری ہیلتھ سینٹروں اور سب سینٹروں پر مریضوں کو اس وقت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب وہاں تعینات ڈاکٹراحتجاج کے طور پر او پی ڈی بند کرکے گزٹیڈ چھٹی پر چلے گئے۔ ہڑتالی ڈاکٹر تنخواہوں میں تفاوت اور چھٹی نہ ملنے کی پاداش میں معاوضہ طلب کررہے ہیں۔ ڈاکٹروں کی جانب سے چھٹی پر چلے جانے کی وجہ سے مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ ڈاک صدر نے بتایا ’’پچھلے 10سال سے ہم اپنے مطالبات کو لیکر سول سیکریٹریٹ کے چکر لگارہے ہیں مگر ہمارے مطالبات کو منظورنہیں کیا جاتا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن نے فیصلہ لیا ہے کہ اگر حکومت نے عید تک اُن کے مطالبات منظور نہیں کئے تو عید کے بعد ڈاکٹر غیر معینہ عرصہ کی ہڑتال پر چلے جائیں گے ۔