کشتواڑ//ریاست کے دور افتادہ دیہات تک عوام تک پہنچنے کیلئے ڈائریکٹر امور صارفین و رسدات جموں رشید اعظم انقلابی نے کشتواڑ ضلع کا دورہ کیا۔ انکے ہمراہ ضلع ترقیاتی کمشنر انگریز سنگھ رانا بھی شامل تھے۔ڈائریکٹر نے نیو ڈی سی آفس کمپلیکس میں ایک بھاری عوامی میٹنگ منعقد کی،جس میں مختلف سیاسی و سماجی کارکنوں نے محکمہ سے متعلق اپنے مسائل پیش کئے اور انکے ازالہ کا مطالبہ کیا۔لوگوں نے مڑواہ، واڑون، دچھن اور پاڈر کے طرز پر دیگر ضلع کے لئے ایم ایم ایس ایف ای ایس کے کوٹہ میں اضافہ کرنے کا مطالبہ کیا۔لوگوں نے جو دیگر مطالبات پیش کئے اُن میںضلع کو موسم سرما کیلئے تیل خاکی کا اضافی کوٹہ جاری کرنے،غیر معیاری آٹے کی سپلائی، ضلع کیلئے پی ایچ ایچ کو ٹہ میں اضافہ کرنا ،خشک سالی کی وجہ سے مفت راشن ،مردم شماری2011 میں بقایا خاندانوں کو شامل کرنا ،تین مہینوں کے بجائے ہر مہینہ راشن جاری کرنا، راشن حاصل کرنے والوں کی مالی پوزیشن کو مد نظر رکھ کر این پی ایچ ایچ کے کھانڈ کے کوٹہ میں اضافہ و دیگر عوامی مسائل پر بھی بات وچیت کی۔اس موقعہ پر ڈیلران نے خالی پلاسٹک بیگوں ،بقایا کیرج کمیشن کی رقم واگذار کرنے کی بھی مانگ کی۔ڈیلران نے کمیشن کی شرح میں اضافہ کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔اپنے خطاب میںڈائریکٹر موصوف نے سرکار کی جانب سے محکمہ کی کارکردگی میں شفافیت لانے کے لئے اُٹھائے گئے اقدام کی جانکاری دی جن میں راشن کارڈوں کی مناسب آدھار سیڈلنگ ، سیل سنٹروں میںپوائنٹ آف سیل مشین پر مبنی انگوٹھے کا نشان متعارف کرنا ،جو کہ ای۔تقسیم کاری کی جانب ایک قدم ہے، ویجی لنس مانیٹرنگ کمیٹیوں کو فعال بنانا شامل ہے۔انہوں نے راشن کارڈ ہولڈروں کے حق میں فوری طور سے راشن کارڈوں کی تقسیم کاری کرنا ، اسکے علاوہراشن کی تقسیم کاری میں شفافیت لانے پر زور دیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر انگریز سنگھ رانا نے محکمہ کے افسروں اور انتظامیہ کے درمیان بہتر تال و میل بنائے رکھنے کی ضرورت پر زور دیا، تاکہ صارفین کے مسائل کو بغیر کسی پریشانی کے حل کیا جا سکے۔انہوں نے تمام تحصیلداروں سے این ایف ایس اے کے تحت استفادہ حاصل کرنے والوں کی جانچ و پڑتال فوری طور مکمل کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے ڈائریکٹر موصوف سے ضلع کو الاٹ کئے جاہے تیل خاکی کے ٹینکروں کی جانکاری انتظامیہ کے ساتھ شئیر کرنے پر زور دیا ،تاکہ یہ مستحق افراد کے پاس پہنچ سکے۔اجلاس میں پی او آئی ڈبلیو ایم پی اندر جیت پریہار، ڈپٹی ڈائریکٹر امور صارفین و رسدات جموں محمد اقبال زرگر،ضلع کے تحصیلدار، اے ڈی امور صارفین و رسدات اشونی شرما اور معزز لوگ بھی موجود تھے۔