عظمیٰ نیوز سروس
جموں//زرعی طریقوں کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے اور کسانوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کیلئے ڈائریکٹر زراعت جموں، ارویندر سنگھ رین نے آر ایس پورہ سب ڈویژن مارکیٹ میں پودوں کے تحفظ کے مواد کے معیار کا جائزہ لینے کیلئے سیل آؤٹ لیٹس کا اچانک معائنہ کیا۔پلانٹ پروٹیکشن آفیسر مدن لال پر مشتمل افسران کی ٹیم کے ہمراہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر لاء انفورسمنٹ کلدیپ سنگھ اور ایس ڈی اے او آر ایس پورہ سریندر گپتاو دیگران بھی موجود تھے ۔ اس دورے کا مقصد علاقے میں پودوں کے تحفظ کے مواد کی تقسیم میں معیار کے معیارات کی پابندی کی تصدیق کرنا تھا۔کیڑے مار ادویات کے نمونے منظم طریقے سے موقع پر اکٹھے کئے گئے اور انہیں جموں میں محکمانہ علاقائی کیڑے مار ادویات کی جانچ لیبارٹری میں سخت معیار کے تجزیہ کے لئے بھیج دیا گیا۔اس دوران متعلقہ کمپنیوں یا مینوفیکچررز کے فراہم کردہ پرنسپل سرٹیفکیٹ کے حوالے سے خوردہ فروشوں کے ساتھ پی پی کیمیکلز کے دستیاب اسٹاک کی بھی تصدیق کی گئی۔ڈائریکٹر نے زرعی شعبے میں معیاری پی پی کیمیکلز کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کسانوں کو پودوں کے تحفظ کے اچھے مواد کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے قیمتوں کی فہرستوں کی نمائش اور کیڑے مار ایکٹ میں سونپے گئے دیگر تمام ضروری پیرامیٹرز کو پورا کرنے پر زور دیا۔پلانٹ پروٹیکشن آفیسر جموں نے ڈیلرز اور ڈسٹری بیوٹرز کو ہدایت کی کہ وہ فارمیٹ کے مطابق ماہانہ سیل ریٹرن کی بروقت فائلنگ کو یقینی بنائیں اور مینوفیکچررز کی کوالٹی ٹیسٹ رپورٹس کے بغیر مصنوعات کی فراہمی سے گریز کریں۔جموں ڈویژن کے تمام ڈیلرز کو اسسٹنٹ ڈائریکٹر لاء انفورسمنٹ کی طرف سے متنبہ اور ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کاشتکار برادری کو معیاری ان پٹ حقیقی نرخوں پر فروخت کریں اگر ایسا نہ کیا گیا تو ڈیفالٹر کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی جائے گی۔