عظمیٰ نیوز سروس
جموں// جموں و کشمیر انتظامیہ نے آئندہ اسمبلی انتخابات کے دوران حساس ڈیٹا کی اپ لوڈنگ کی لیکیج روکنے کے لیے جموں و کشمیر کے راجوری ضلع میں ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک(وی پی این) خدمات کو معطل کر دیا ہے۔ مجسٹریٹ راجوری کے جاری کردہ ایک حکم کے مطابق”آئندہ اسمبلی انتخابات کے دوران حساس ڈیٹا کو اپ لوڈ کرنے اور انتخابی ڈیٹا کے لیک ہونے کو روکنے کے لیے، راجوری ضلع میں وی پی این کے استعمال کو فوری طور پر معطل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ یہ معطلی راجوری میں انتخابی عمل کے اختتام تک جاری رہے گی،” ۔آرڈر میں کہا گیا ہے کہ “حالیہ دنوں میں ضلع بھر میں VPN کے استعمال میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے جس سے سائبر خطرات کے بارے میں شکوک پیدا ہوئے”۔ادھراعلی فوجی افسر نے ڈوڈہ اور کشتواڑ میں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔ جموں میں واقع وائٹ نائٹ کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ(جی او سی)لیفٹیننٹ جنرل نوین سچدیوا نے ہفتہ کے روز وادی چناب کے ڈوڈہ اور کشتواڑ اضلاع میں سیکورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا، جو کہ 18 ستمبر کو پہلے مرحلے میں جنوبی کشمیر کے اضلاع کے ساتھ انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔عہدیداروں نے بتایا کہ جموں میں واقع وائٹ نائٹ کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ(جی او سی)لیفٹیننٹ جنرل نوین سچدیوا نے سالانہ تین روزہ کیلاش کنڈ یاترا کا بھی جائزہ لیا جو جمعہ کو ادھم پور ضلع کے ڈوڈو-بسنت گڑھ سے سخت چوکسی اور فضائی نگرانی کے درمیان شروع ہوئی۔فوج نے کہا کہ سیکورٹی فورسز سخت چوکسی برقرار رکھے ہوئے ہیں اور نگرانی فراہم کرنے کے لیے فضائی پلیٹ فارم کا استعمال کیا جا رہا ہے۔