بیجنگ//چین میں ایک مرتبہ پھر عالمی وبا کورونا وائرس کا قہر بڑھنے لگا ہے جس کے سبب دارالحکومت بیجنگ سمیت چین کے مختلف شہروں میں کورونا کیسز میں خطرناک حد تک اضافہ ہورہا ہے ۔ملک میں اموات بڑھنے سے شمشان گھاٹوں میں ایک کے بعد دوسرا مردہ لایا جانے لگا۔ دوسری جانب چین میں کئی عرصے سے لگا لاک ڈاؤن ایک دم ہٹائے جانے کے سبب لوگوں میں وائرس کے خلاف قوت مدافعت میں کمی کیسز میں اضافے کی اہم وجہ قرار دی جارہی ہے ۔ادھر ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) نے بدھ کو خبردار کیا ہے کہ انفیکشن کے بڑھتے ہوئے کیسوں کی وجہ سے پینسلن اور اموکسیلن سمیت اینٹی بائیوٹک ادویات کی کمی ہوچکی ہے ۔یہ اطلاع ڈبلیو ایچ او گروپ کے لیے منشیات کی فراہمی اور رسائی کے سربراہ لیزا ہیڈمین نے دی۔ انہوں نے کہا کہ جن ممالک کے اعداد و شمار ڈبلیو ایچ او نے جمع کیے ہیں ان کے مطابق یورپی یونین کے ممالک، کناڈا اور امریکہ سمیت 35 ممالک میں پینسلین سے متعلقہ اینٹی بائیوٹک ادویات کی تقریباً 80 فیصد کمی ہے ، جب کہ غریب اور چھوٹے ممالک میں صورتحال زیادہ خراب ہے ۔