اسلام آباد// پاکستان نے کہا کہ چین کیساتھ اُن کی رفاقت دیرینہ اور برے وقت کی رفاقت ہے ۔پاکستان کے وزیر خارجہ محمود قریشی نے دیگر دو وزراءاور صلاح کاروں کے ساتھ یہاں مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ہندوستان نے پلوامہ حملے کو پاکستان سے جوڑنے کی بہت کوشش کی لیکن وہ کامیاب نہیں ہو سکا۔ مسٹر قریشی نے کہا،‘پلوامہ حملے کے بعد پیدا ہونے والے حالات نے یہ ثابت کردیا کہ چین پاکستان کا برے وقت کا ساتھی ہے اور ہم اسے سمجھتے ہیں۔ ہندوستان نے پلوامہ حملے سے پاکستان کو جوڑنے کی کوشش کی لیکن وہ کامیاب نہیں ہو سکا’۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پلوامہ حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اور افغان امن مذاکرات کے سلسلے میں انہوں نے حالیہ چین کے دورے کے موقع پر وہاں کے وزیر خارجہ وانگ ای کو آگاہ کیا تھا۔ مسٹر قریشی حال ہی میں چین کے وزیر خارجہ کے ساتھ اسٹریٹجک مذاکرے میں شریک ہونے کے لیے بیجنگ گئے تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے بعد وزیر اعظم عمران خان کو چین کی قیادت نے عالمی تعاون پر دوسرے بیلٹ اور روڈ فورم کے لیے مدعو کیا ہے ۔ اس کا انعقاد 25 سے 27 اپریل کے درمیان بیجنگ میں ہونا ہے ۔ اس میں 100 سے زیادہ ممالک کے نمائندوں کے شریک ہونے کی امید ہے ۔