بیجنگ//ایک دوسرے کی مصنوعات پر فیس بڑھانے اور اس سے ہونے والے نقصانات سے نمٹنے کیلئے امریکہ اور چین کے درمیان تجارتی مذاکرات ناکام ہو گئے جس کے نتیجے میں دنیا کی 2 بڑی معیشتوں کے درمیان تجارتی جنگ چھڑنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے ۔چین کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق فریقین کے درمیان اہم ایشوز پر بڑے اختلافات موجود ہیں اور دونوں کو پیش رفت کے لیے اپنا کام جاری رکھنا ہوگا۔فریقین نے چین کو امریکی برآمدات، خدمات کی تجارت، دوطرفہ سرمایہ کاری میں اضافے ، حقوق ملکیت دانش(انیلیکچوول پراپرٹی) کو تحفظ دینے اورٹیرف ونان ٹیرف مسائل حل کرنے پر بات چیت کی، بعض شعبوں میں اتفاق رائے ہوگیا، دونوں ملکوں نے بات چیت جاری رکھنے کے لیے ورکنگ میکنزم قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا۔واضح رہے کہ صدر ٹرمپ کی جانب سے چینی مصنوعات کے خلاف ٹیرف لگانے اور چین کے جوابی اقدامات کے انتباہ سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی کشیدگی پیدا ہوگئی تھی جسے ختم کرنے کے لیے امریکی وفد بات چیت کے لیے چین آیا ہوا ہے ۔یو این آئی