سرینگر// کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے ایک وفد نے صدر شیخ عاشق کی قیادت میں نئی دہلی میں مرکزی وزیر برائے صنعت و حرفت اور شہری ہوا بازی سریش پربھو سے ملاقات کی،جس کے دوران وزیر کی توجہ ریاست میں2014کی سیلابی صورتحال اور2016کی اتھل پتھل سے خستہ اقتصادی حالات کی جانب مبذول کروائی گئی۔وزیر سے مطالبہ کیا گیا کہ اس اقتصادی صورتحال کو بہتر کرنے کیلئے خصوصی طور پرکثیر الجہتی اقدامات کی ضرورت ہے،تاکہ قدرتی اور حالات کی وجہ سے ہوئے نقصانات کے اثرات کو کم کیا جائے،جس کا سامنا کشمیر کی صنعت و حرفت کو کرنا پڑ رہا ہے۔ کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹرئز کے وفد نے خصوصی طور پر سیاحت،باغبانی،صنعتی شعبے اور دستکاری شعبے کو فروغ دینے اور اور انکے لئے بازاروں کو تلاش کرنے کا مشورہ دیا۔ وزیر کو چیمبر کی طرف سے تجارت،حرفت او صنعت کنکلیو کے انعقاد کی اطلاع دیتے ہوئے کے سی سی آئی کے وفد نے اس سلسلے میں مکمل تعاون دینے کی یقین دہانی کرائی۔ بیان کے مطابق اس موقعہ پر مرکزی وزیر نے چیمبر کے وفد کو وزارت کی طرف سے مکمل تعاون دینے کی یقین دہانی کرائی۔بیان میں کہا گیا کہ مرکزی وزیر نے وزارت کے افسران کے ساتھ چیمبر کے وفد کا رابطہ کر اکے صنعت تجارت اور حرفت سے متعلق التواء میں رکھے گئے مسائل کا نقشہ راہ تلاش کرنے اور پالیسی مرتب کرنے کیلئے اور انکی بحالی کیلئے تعاون دیا۔بیان میں کہا گیا کہ مرکزی وزیر نے موقعہ پر ہی افسران کو کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹرئز کی طرف سے دی گئی تجاویز کا تعاقب کرنے کی ہدایت دی۔