عظمیٰ نیوزسروس
جموں//چیف سیکرٹری اَتل ڈلو نے اِنتظامی سیکرٹریوں کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں محکموں میں بھرتی کے قواعد(آر آر)کی تجدید کی صورتحال اور سرکاری ملازمین کے لئے محکمانہ ترقیاتی کمیٹیوں (ڈِی پی سی) کے اِنعقاد میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔دورانِ میٹنگ چیف سیکرٹری نے گزیٹیڈ اور ماتحت سروسزسے متعلق بھرتی قواعد کا محکمہ وار تفصیلی جائزہ لیا اور اِنتظامی ضروریات اور تکنیکی ترقی کے پیش نظر ان کی بروقت نظرثانی کی ضرورت پر زور دیا۔اُنہوں نے کہاکہ گزشتہ برسوں کے دوران طرزِ حکمرانی اور عوامی خدمات کی فراہمی میں نمایاں تبدیلی آئی ہے، محکمانہ ڈھانچے کو عصری ضروریات کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے وقت کے ساتھ غیر ضروری ہو چکی اَسامیوں کی نشاندہی اور محکموں کے مؤثر کام کاج کے لئے اہم عہدوں کو مضبوط کرنے کی ضرورت پر بھی زور دِیا۔
چیف سیکرٹری نے اس عمل کو منظم انداز میں آگے بڑھانے کے لئے کمشنر سیکرٹری اے آر آئی اینڈ ٹریننگز محکمہ کی کی قیادت میں ایک بنیادی ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت دی جس میں جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (جی اے ڈِی)، محکمہ خزانہ، محکمہ قانون اور متعلقہ محکموں کے نمائندے شامل ہوں گے۔ یہ ٹیم آنے والے ہفتوں میں محکمانہ کیڈروں اور اَفرادی قوت کی ضروریات کا جامع جائزہ لے گی تاکہ سرکاری محکموں میںہیومن ریسورسز کا بہترین اِستعمال یقینی بنایا جا سکے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ انتظامی کارکردگی کو بڑھانے، ملازمین کے کیریئر میں شفاف ترقی کو یقینی بنانے اور جدید طرز ِحکمرانی کے تقاضوں کے مطابق قابلیت رکھنے والی ہنر مند اَفرادی قوت کو شامل کرنے کے مواقع پیدا کرنے کے لئے اَپ ڈیٹ کردہ بھرتی کے قواعد ضروری ہیں۔ اُنہوں نے تمام محکموں پر زور دیا کہ وہ مقررہ وقت کے اندر اپنے بھرتی کے قواعد پر نظر ثانی اور حتمی شکل دینے کے عمل کو تیز کریں۔چیف سیکرٹری نے محکمانہ ترقیاتی کمیٹیوں کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے اِس بات پر زور دیا کہ ملازمین کی پیشہ ورانہ ترقی اور اَفرادی قوت کے حوصلہ برقرار رکھنے کے لئے ڈی پی سیز کا بروقت اور باقاعدہ اِنعقاد ضروری ہے۔ اُنہوں نے تمام محکموں کو رُکاوٹیں دور کرنے اور اہل ملازمین کو بلاتاخیر ترقی دینے کی ہدایت دِی۔چیف سیکرٹری نے ہیومن ریسورسز کے اِنتظام کو جدید خطوط پر اُستوار کرنے، سروس ڈھانچوں کو مزید مؤثر بنانے اور ملازمین کو بروقت ترقیوں کی فراہمی کے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات سے انتظامی کارکردگی میں اضافہ ہوگا اور عوام کو بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں گی۔