اشفاق سعید
سرینگر //شیو شاردا کمیٹی نے لائن آف کنٹرول پر واقع ٹیٹوال علاقے میں زیر تعمیر مندر میں پوجا پاٹ کا اہتمام کرتے ہوئے پہلی بار چھڑی مبارک یاترا نکالی ،یہ یاترا مندر سے شروع ہوئی اور کشن گنگا پر بنے پل پر اختتام پذیر ہوئی ۔اس یاترا کا استقبال لیفٹیننٹ گورنر کے مشیرایس بھٹناگر نے کیا۔ تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے تقریباً 150 لوگوں نے اس پوجا پارٹ میں حصہ لیا۔معلوم رہے کہ ایک سال قبل لائن آف کنٹرول پر ٹیٹوال میں حکام نے شاردامندر اور ایک گردوارہ کی تعمیر کا کام ہاتھ میں لیا کیونکہ ماضی میں ٹیٹوال سے لائن آف کنٹرول کے اُس پار نیلم علاقے میں واقع شاردا مندر کیلئے چھڑی مبارک نکالی جاتی تھی ۔تاہم ہندپاک تقسیم کے بعد ان تمام سرگرمیوں پر روک لگ گئی ۔ اسی کڑی کے تحت چھڑی مبارک کا اہتمام کیا گیا ۔ شیو شارداکمیٹی کے سربراہ رویندر پنڈتا نے ہندوستان اور پاکستان دونوں حکومتوں پر زور دیا کہ وہ پنڈتوں کے مذہبی جذبات کی قدر کرتے ہوئے کرتار پور راہداری کی طرز پر ٹیٹوال سے لائن آف کنٹرول کے اُس پار شاردا مندر کا راستہ کھول دیں تاکہ یاتری شاردا مندر میں پوجا پاٹ کے اہتمام کیلئے جاسکیں ۔ معلوم رہے کہ شاردا مظفرآباد کے شمال مغرب میں 136 کلومیٹر کے فاصلے پر دریائے نیلم کے کنارے واقع ہے اور سطح سمندر سے اس کی بلندی 1981 میٹر ہے۔ جبکہ کیرن سے یہ مقام صرف 30 سے 40کلو میٹر کی دوری پر ہے ۔شارداکا قدیم مندر ہندوؤں میں شارداپیتھ کے نام سے مشہور ہے۔ راجیو بھٹناگر نے کمیٹی کو یقین دلایا کہ ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی ۔مشیر نے کہا کہ ٹیٹوال ایک خوبصورت علاقہ ہے اور سرکار نے اس علاقے کو سیاحتی نقشہ پر بھی لایا ہے اور اب یہاں سیاحتی سرگرمیاں شروع ہوں گی، جس کا فائدہ یہاں کے لوگوں کو ملے گا ۔انہوں نے ٹیٹوال اور ٹنگڈار دونوں بلاکتوں کے ترقیاتی منظر نامے کا بھی جائزہ لیا اور مقامی پنچاتی اراکین سے بھی بات چیت کی ۔
چھڑی مبارک لائن آف کنٹرول پر پہنچ گئی | ٹیٹوال میںزیر تعمیر شاردامندر میں خصوصی پوجا پاٹ
