شوپیان // ضلع کے ایک مضافاتی گائوں میں جنگجوئوں نے جمعرات کی شام چھٹی پر آئے پولیس کے ایک اہلکار کو گولی مار دی جس سے وہ شدید زخمی ہوا۔پولیس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ گوہر احمد ساکن چھوٹی پورہ امام صاحب نامی پولیس اہلکار عید کی چھٹی پر گھر آیا تھا، جس کی ڈیوٹی سری گفوارہ بجبہاڑہ میں ہے۔وہ مقامی نوجوانوں کیساتھ میدان میں والی بال کھیل رہا تھا جس کے دوران پونے سات بجے وہاں جنگجو نمودار ہوئے اور انہوں نے گوہر کو اپنے ساتھ تھوڑی دور تک لیا اور ٹانگ میں گولی ماردی، جس کے باعث وہ شدید زخمی ہوا ۔ اسے فوری طور پر ضلع اسپتال شوپیان منتقل کردیا گیا ہے۔واقعہ کے بعد فورسز اور پولیس کی جمعیت وہاں پہنچ گئی اور جنگجوئوں کے فرار ہونے کے بارے میں لوگوں سے پوچھ تاچھ کی۔