نئی دلی// قلیل حجم کے کاروبار کو راحت فراہم کرتے ہوئے جی ایس ٹی کونسل نے چھوٹ کی حد کو دوگنا کردیا ہے ۔جی ایس ٹی کونسل نے شمال مشرقی ریاستوں کیلئے رعایتی حد 20لاکھ جبکہ ملک کی دیگر ریاستوں کیلئے40لاکھ کردی ہے ۔وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے اس حوالے سے میڈیا کو جانکاری فراہم کی۔ جی ایس ٹی کمپوزیشن اسکیموں، جن کے تحت چھوٹے تاجر اضافی قد ر کے بجائے مجموعی لین دین پر قلیل ٹیکس ادا کرتے ہیں،1کروڑ سے بڑھ کر1.5کروڑ کردی گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس طرح کے دوہرے فیصلے سے مائیکرو و سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز (MSME)کو فائدہ ملے گا۔کونسل نے ریاست کیرلہ کیلئے اندرونی سطح پر ایک فیصد قدرتی آفت ٹیکس دو برسوں کے عرصے تک نافذ کرنے کی اجازت دی ہے ۔رئیل ایسٹیٹ اور لاٹری کو گڈس اینڈ سروس ٹیکس کے دائرے میں لانے کے باے میں میٹنگ کے دوران بعض ممبران کی جانب سے پیش کئے گئے اختلافی آراء کو مد نظر رکھتے ہوئے کونسل نے وزراء پر مشتمل 7رکنی ممبر گروپ تشکیل دینے کا فیصلہ لیا ہے ۔
ریاست میں 40لاکھ روپے تک چھوٹ
جی ایس ٹی کونسل اجلاس میں فوراً بعد انتظامیہ کا فیصلہ
نیوز ڈیسک
نئی دہلی//جی ایس ٹی کونسل کی تیسری میٹنگ یہاں مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ جموں کشمیر کی نمائندگی گورنر کے مشیر کیول کمار شرما نے کی ۔ پرنسپل سیکرٹری خزانہ نوین کے چودھری اور کمشنر سٹیٹ ٹیکسز پی کے بٹ بھی اس میٹنگ میں موجود تھے ۔ اس مقصد کیلئے تشکیل دئیے گئے وزراء کی سفارشات پر جی ایس ٹی قوانین کے تحت کمپو زیشن سکیم کی حد بڑھانے اور رجسٹریشن حاصل کرنے کے حوالے سے حتمی حد میں بڑھاوا کرنے سے متعلق کئی اہم فیصلے لئے گئے ۔ حکومت جموں و کشمیر نے چھوٹے اور انتہائی چھوٹے تاجروں کے فائدے کیلئے 40 لاکھ روپے تک کی اشیاء کے تعلق سے رجسٹریشن کی حتمی حد بڑھانے کا فیصلہ کیا ۔ گورنر انتظامیہ نے چھوٹے تاجروں اور کارخانہ داروں کیلئے یہ حد موجودہ ایک کروڑ روپے سے لیکر ڈیڑھ کروڑ روپے کرنے کا فیصلہ کیا اور یہ اب سہ ماہی ٹیکس ادا کریں گے اور انہیں سالانہ ریٹرن داخل کرنا ہوں گے جس سے اُن کا بوجھ کم ہو گا ۔ حکومت کی طرف سے اپریل 2019 سے ان فیصلہ جات پر عمل ہو گا ۔ مشیر کیول کمار شرما نے میٹنگ کے دوران تبادلہ خیال میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات سے ڈیلروں کا بوجھ کم ہونے کے ساتھ ساتھ چھوٹے اور انتہائی چھوٹے ڈیلروں کو جی ایس ٹی قانون کے تحت رجسٹریشن حاصل کرنے سے راحت ملے گی ۔ مشیر موصوف نے 50 لاکھ کا سالانہ کاروبار کرنے والے چھوٹے سروس دہندگان کیلئے مجموعی سکیم سے متعلق منصوبے کی بھی وکالت کی تا کہ انہیں راحت نصیب ہو سکے ۔ جی ایس ٹی کونسل نے ڈیڑھ کروڑ روپے کا سالانہ کاروبار کرنے والے چھوٹے تاجروں کیلئے مفت بلڈنگ اور اکاؤنٹنگ سافٹ وئیر متعارف کرنے کا بھی فیصلہ کیا ۔ مشیر نے جی ایس ٹی سی کی طرف سے کئے جا رہے اقدامات اور منصوبوں کی بھی حمایت کی جن کی بدولت چھوٹے اور انتہائی چھوٹے تاجروں کو جی ایس ٹی قوانین کی عمل آوری کے حوالے سے مدد فراہم کی جا سکے ۔