جاوید اقبال
مینڈھر //سب ڈویژن مینڈھر کے چھونگاں گاؤں میں منگل کی شام پیش آئے ایک سڑک حادثے میں کم از کم پندرہ افراد زخمی ہو گئے۔ تمام زخمی ایک ٹاٹا سومو گاڑی میں سوار تھے جو اچانک سڑک سے پھسل کر کھیتوں میں جا گری۔حکام کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ٹاٹا سومو گاڑی، جو مینڈھر سے چھونگاں کی طرف جا رہی تھی، قابو سے باہر ہو کر سڑک کنارے کھیتوں میں جا گری۔ مقامی لوگوں نے فوری طور پر ریسکیو کارروائی شروع کی اور زخمیوں کو سب ڈسٹرکٹ ہسپتال مینڈھر منتقل کیا گیا۔ابتدائی طبی امداد کے بعد دو زخمیوں کو نازک حالت میں گورنمنٹ میڈیکل کالج اینڈ ایسوسی ایٹڈ ہسپتال راجوری ریفر کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔زخمیوں کی شناخت رضوانہ کوثر (9) دختر افتخار خان، فرمان خان (7) ولد افتخار خان، فیصل خان (4) ولد افتخار خان، سلیل اختر (30) زوجہ افتخار خان، صبیہ ترنم (19) دختر جاوید خان، عنایت اللہ خان (30) ولد شہید غفور، محمد فاروق (40) ولد وزیر محمد، محمد عباس (45) ولد قیوم خان، شازیہ اختر (21) دختر محمد کرامت، نظمین کوثر (15) دختر محمد رشید، شازیہ کوثر (24) دختر محمد اسلم، نحیم کوثر (28) زوجہ عنایت اللہ، اکبر حسین (56) ولد روشن دین، ابرار علی (16) ولد محمد رشید اور ساجد علی خان (12) ولد عباس خان شامل ہیں تمام زخمی چونگاں گاؤں کے رہائشی ہیں۔پولیس کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم موقع پر پہنچی اور مقامی لوگوں کی مدد سے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔ حادثے کی وجہ تیز رفتاری یا سڑک کی خستہ حالت بتائی جا رہی ہے تاہم اصل وجوہات جاننے کے لئے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔علاقہ مکینوں نے اس حادثے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مینڈھر تاچھو نگا ںسڑک کی فوری مرمت اور حفاظتی انتظامات کئے جائیں تاکہ آئندہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔