حسین محتشم
پونچھ// سرحدی ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے چھمبر کناری علاقہ میں تین ہفتے پہلے بجلی کا ٹرانسفارمر جل گیا تھا جس کے بعد اْسے مرمتی کے لئے بھیج دیا گیا تھا جو تاحال ٹھیک نہیں ہوسکا ہے۔ اس دوران پنچایت چھمبر کناری وارڈ نمبر 5 کی عوام پچھلے تین ہفتوں سے گھپ اندھیرے میں رہ رہے ہیں۔مقام سماجی سیاسی کارکن غلام محی الدین نے کہا کہ بجلی محکمہ کے ملازمین کی نااہلی کا اس سے بڑھ کر ثبوت اور کیا ہو گا کہ ان کے گاؤں میں تین ہفتوں سے ایک ٹرانسفارمر ٹھیک نہیں ہو پایا ہے۔انہوں نے کہا کہ وارڈ نمبر 5 کی عوام ناراضگی کا اظہار کر رہے ہیں۔انہوں نے ضلع انتظامیہ سے پر زور اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بجلی ڈیپارٹمنٹ والوں کو ہدایت کی جائے۔انہوں نے کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ ان کے گاؤں میں دور حاضر جسے دور جدید کہا جاتا ہے میں بھی بجلی کی ترسیلی لائن مختلف مقامات پر سبز درختوں کے ساتھ باندھ کر بجلی چلائی جاتی ہے کیونکہ وہاں کی مظلوم عوام کو بجلی کے پول بھی نہیں دئیے گئے ہیں۔انہوں نے تشویش کا اظہار کیا کہ مہینہ مکمل نہیں ہوتا کہ بجلی بل لوگوں کے گھر پر پہنچ جاتے ییں۔انہوں نے کہا کہ اب جب 3 ہفتے سے بجلی ٹرانسفارمر جل گیا ہے محکمہ بجلی کو ٹس سے مس نہیں۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے گزارش کی ہے کہ اس سلسلہ میں مداخلت کر کے ان کے گاؤں میں بجلی بحال کروائی جائے۔