عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//شہرسرینگر سمارٹ سٹی بننے کے بعد لالچوک کے گردونواح میں کسی بھی چھاپڑی فروش کوریڈی یا چھاپڑی لگانے کی اجازت نہیں ہوگی اور تمام چھاپڑی فروشوں کو مگرمل باغ اور بٹہ مالو کے علاقوں میں مخصوص ’’وینڈنگ‘‘ زونوںمیں جگہ دی جائے گی ۔سرینگر سمارٹ لمیٹڈ کشمیر کے دارالحکومت سرینگر میں 2’وینڈنگ زون‘ تیارکئے جارہے ہیں۔یہ وینڈنگ زون شہر کے مگرمل باغ اور بٹہ مالو علاقوں میں بن رہے ہیں۔ہری سنگھ ہائی سٹریٹ میںچھاپڑی لگانے والوں کو مگرمل باغ وینڈنگ زون میں جگہ دی جائے گی جبکہ بٹہ مالواور قمرواری روڑ پر بیٹھے ریڈے بانوں اور چھاپڑی فروشوں کو بٹہ مالو وینڈنگ زون میں شفٹ کیا جائے گا۔ماضی میں بھی سری نگر میونسپل کارپوریشن نے سری نگر میں وینڈنگ زون بنانے کا دعویٰ کیا تھا، تاہم اب بھی چھاپڑی فروشوں کو سری نگر شہر میں سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر دیکھا جا سکتا ہے۔سری نگر سمارٹ سٹی لمیٹڈ نے کہا کہ مگرمل باغ میںچھاپڑی فروشوںکے لیے 150 جگہیں بنائی گئی ہیں۔ بٹہ مالو-قمرواری روڈ کے چھاپڑی فروشوںکے لیے بٹہ مالو میں جگہ کا انتخاب کیا گیاہے۔سری نگرسمارٹ سٹی لمیٹڈ نے سری نگر شہر میں آف اسٹریٹ اور آن اسٹریٹ پارکنگ سلاٹوں کو ‘آپریٹ اور مینٹین’ کرنے کے لیے آئی ٹی پر مبنی پارکنگ سسٹم شروع کیا ہے۔