عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر // ’ اپنی پارٹی‘ سربراہ سید الطاف بخاری نے کہا ہے کہ وہ چھانہ پورہ اور اوڑی سے بیک وقت الیکشن مہم چلائیں گے۔انہوں نے کہا کہ جہاں کہیں بھی انکی پارٹی کا کوئی امیدوار میدان میں ہے، یہ سمجھ لیا جائے کہ وہاں الطاف بخاری ہی میدان میں ہیں۔ وہ اس سوال کا جواب دے رہے تھے کہ کیا آپ اوڑی سے بھی چنائو لڑنے جارہے ہیں۔چھانہ پورہ حلقہ انتخاب میں گھر گھر انتخابی مہم کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے بخاری نے کہا کہ پبلک لائف میں رہ کر بہت کم ٹائم ملتا ہے اپنے علاقے میں جانے کیلئے، لیکن وہ اس بات پر خوش ہیں کہ اپنے علاقے میں پرانے چہروں سے روبرو ہورہے ہیں، دوستوں سے مل رہے یں، ہمدردوں سے بات چیت کی جارہی ہے اور لوگ انہیں اپنا بھر پور تعاون پیش کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ ہر ایک ضلع میں جانے والے ہیں اور ہر ایک امیدوار کی انتخابی مہم میں شامل ہونگے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر انجینئر رشید کی رہائی عمل میں لاتی ہے تو سب سے پہلے انکے گھر میں عید ہوگی، انکے گر والے خوش ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے سبھی لوگوں کو چنائو میدان میں شامل ہونے کا حق ہے جو جمہوری عمل میں یقین رکھتے ہیں۔