بانڈی پورہ//چھانہ دجی گجر بستی کی سڑک پر دوسال قبل 6 لاکھ روپئے کی لاگت سے پردھان منتری گرام سڑک یوجنا کے تحت کام شروع کیا گیا لیکن پھراچانک کام ادھورا چھوڑ دیا گیا۔بستی کے لوگوں نے ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ کے دفتر کے باہر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ پانچ کلو میٹر پر مشتمل اس سڑک کیلئے متعلقہ محکمہ نے کئی تعمیرات کوبھی منہدم کیا جبکہ اخروٹ کے کچھ پیڑ بھی کاٹ ڈالے گئے لیکن پھر اچانک کام بند ہوگیا۔وفد میں شامل خوشی محمد، محمد ابراہیم اورگلزار احمد نے بتایا کہ محکمہ پی ایم جی ایس وائی بانڈی پورہ سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے گیند محکمہ جنگلات کے پالے میں پھینک دی ۔انہوں نے کہا کہ جنگلات کے 130 درخت سڑک کی زد میں آتے ہیں جس کی وجہ سے کام رکا ہوا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر ریونیو مسرت ہاشم نے کہا کہ پی ایم جی ایس وائی کے ایگزیکٹیو انجینئر کو کارروائی کرنے کیلئے تحریری طور ہدایت دی گئی ۔