کشتواڑ//کشتواڑ پولیس نے چوری کی ایک واردات کو 24گھنٹوں میں حل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔پولیس رپورٹ کے مطابق پولیس اسٹیشن چھاترو میں 24جنوری کو ایک محمد و وانی ولد منور وانی ساکنہ کچھال،چھاترو نے ایک شکایت درج کی ،جس میں بتایا گیا کہ 23/24 جنوری کی درمیانی شب کو بعض نامعلوم شرپسند وں نے اسکے رہائشی مکان کا دروازہ توڑا اور تقریباً4 لاکھ روپے مالیت کے زیورات اور نقدی 12000روپے کی نقب لگائی ہے۔پولیس نے اس شکایت پر ایک معاملہ زیر ایف آئی آر نمبر 04/2018 درج کیا اور تحقیقات شروع کر دی۔ایس ایچ او پولیس اسٹیشن چھاترو انسپکٹر محمد بشیرکی قیادت میں ایک پولیس ٹیم نے تحت نگرانی ضلع ایس پی ابرار چودھری علاقہ کے کئی بد معاشوں کو حراست میں لیا ۔محمد شفیع ولد عبدالعزیز خان ساکنہ موضع کچھال ،چھاترو نے انٹروگیشن کے دوران اس نقب کا اعتراف کیا ۔ مبینہ ملزم نے مکان کا دروازہ کھولنے کیلئے لوہے کی ایک سلاخ اور لوہے کے تیز دھار والے کٹر کا استعمال کیا۔پولیس نے مبینہ ملزم سے سارا مال مسروقہ 4 لاکھ روپے مالیت کے زیورات اور 12000روپے نقدی برآمد کی ۔پولیس نے مبینہ ملزم کو گرفتار کرکے عدالت سے پولیس ریمانڈ حاصل کیا ہے۔پولیس نے شکایت کُنندہ کو صلاح دی ہے کہ وہ مال مسروقہ ریلئیز کرنے کے لئے درخواست گُذاری کریں۔پولیس مبینہ ملزم سے دیگر کسی چوری میں ملوث ہونے کی مزید پوچھ تاچھ کر رہی ہے۔