جموں//کرائم برانچ نے چٹھہ جموں کے اوقاف اراضی پر قبضے کے معاملے میںسابق تحصیلدار، نائب تحصیلدار، گرداور اور پٹواری سمیت 12 ملزمان کے خلاف چارج شیٹ داخل کی ہے۔چارج شیٹ سپیشل جج انسداد بدعنوانی جموں کی عدالت میں ملزمین کے خلاف دائر کی گئی ۔ملزمان میں دلجیت سنگھ،سابق تحصیلدار (اب ریٹائرڈ) ولد سردار بھاگ سنگھ ساکن نئی بستی، جموں، سوم دت شرما، سابق نائب تحصیلدار (اب ریٹائرڈ) ولدتیج رام شرماساکن شیو نگر جموں،رام سرن،سابق گرداوار(اب متوفی)ساکن دومانہ، عبدالفانی، سابق پٹواری (اب متوفی)ساکن بھدرواہ،مختیار احمد ولد عبدالستار سکنہ چٹھہ گجراں، جموں، طارق حسین ولد عبدالستارساکن چٹھہ گجراں، عبدالستار(اب متوفی)ولد عبدالرحمان نائک ساکن چٹھہ گجراں، جموں اور پانچ دیگر ملزمان شامل ہیں۔یہ مقدمہ ایڈمنسٹریٹر اوقاف اسلامیہ جموں کی تحریری شکایت پر درج کیا گیا تھا جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ فائدہ اٹھانے والوں اور اس وقت کے ریونیو افسران نے مجرمانہ سازش رچی، دھوکہ دہی اور جعلسازی کی اور جموں کے گاؤں چٹھہ گجراں میں 26 کنال کی اوقاف کی اراضی پر دھوکہ دہی سے قبضہ کیا۔ دوران تفتیش کافی دستاویزی اور دیگر شواہد کی بنیاد پر مبینہ ملزمان کے خلاف جرائم ثابت ہوئے اس لیے چالان عدالت میں پیش کر دیا گیا ۔سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کرائم جموں، بینم توش نے تصدیق کی کہ کیس کی چارج شیٹ ایف آئی آر نمبر 20/2013، زیردفعہ420، 465، 466،467،468،471اور 120-B آر پی سی اور دفعہ 5(2) بدعنوانی کی روک تھام کے ایکٹ کے تحت کرائم برانچ میں درج کی گئی ہے۔