سرینگر//حریت (گ)چیرمین سید علی گیلانی نے موجودہ حالت پر قوم کے نام اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ریاست جموں کشمیر میں تمام پریشانیوں کی بنیادی وجہ فوجی قبضہ ہے۔ اس فوجی قبضہ کو قائم ودائم رکھنے کے لیے بھارت ہمیشہ نت نئے حربے آزماتا آیا ہے، لیکن ہر بار عوامی مزاحمت نے اس کے تمام حربوں کو ناکام بنادیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی گزشتہ ایک ماہ سے کشمیر کی ہر بستی میں خوف ودہشت کا ماحول ہے، عفت مآب بہنوں اور بیٹیوں کے چوٹی کاٹنے کے شرمناک واقعات نے ہر گھر میں بے چینی پیدا کی ہے اور ہر شخص اپنے اور اپنی عصمت کے تحفظ کے حوالے سے مضطرب ہے۔ اس عوامی اضطراب کو دور کرنے کے لئے اصحاب اقتدار سے کوئی توقع نہیں رکھی جاسکتی۔انہوں نے کہا کہ عوام کے جذبہٗ حریت کو دبانے کے لیے کبھی آپریشن ــ"Catch and Killl" کبھی آپریشن "Goost"کبھی آپریشن ٹائیگر اور کبھی آپریشن آل اوٹ اور اب چوٹی کاٹنے کے بھیانک آپریشن کا سلسلہ شروع کیا گیا، لیکن یہاں بھی انہیں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا، بشرطیکہ کہ قوم اپنے اندر ڈسپلن پیدا کرے اور اپنے عزت کی حفاظت آپ کرنے کے لیے ہر محلہ میں معتبر لوگوں پر مشتمل محلہ کمیٹیاں بنائیں۔ ان کی نگرانی میں نوجوانوں کے دستے اپنے محلہ کی رضاکارانہ نگہداشت کے لیے گشت لگاتے رہیں۔ پھر جب کسی مشکوک شخص کو وہ پکڑیں، ہر شخص اس پرخود ہی نہ ٹوٹ پڑے، بلکہ معتبر کمیٹی کی نگرانی میں اس کا بیان ریکارڈ کیا جائے، تاکہ حکمرانوں کو مجرم کو بچانے اور بے قصوروں کو پھنسانے کا موقعہ فراہم نہ ہو۔