اننت ناگ //اننت ناگ قصبہ میں سنیچرکو مقامی طالب علم کو بیرون ریاست چندی گڑھ میں بلوائیوں کے ہاتھوں مارپیٹ اور زخمی کرنے کے خلاف پُر تشدد مظاہرے ہوئے ،جس دوران معمر شخص پتھر لگنے سے شدید زخمی ہوا ۔اننت ناگ لالچوک میں ہفتہ کی صبح نوجوانوں کی ٹولیاںنمودار ہوئیں اور دھرنادے کر بھارت کی مختلف ریاستوں میں کشمیری شہریوں کو زدکوب کرنے کے خلاف نعرے بازی شروع کی۔ نوجوانوں نے موہالی چندی گڑھ میں مبینہ طور زدکوب کئے گئے مقامی نوجوان محمد وقاس بی ٹیک طالب علم کی تصاویر ہاتھوں میں اُٹھا رکھی تھی ۔اس بیچ پولیس نے مظاہرین کو مطمئن کرنے کی کوشش کی ،لیکن اُنہوں نے ہٹنے سے انکار کیا جس کے بعد چھڑپیں شروع ہوئیں۔مظاہرین نے فورسز پر سنگ باری کی جس کے جواب میں آنسو گیس کے گولے داغے گئے۔جس کے سبب قصبہ میں آناََ فاناََ دکانیں بند ہوگئیں جبکہ ٹریفک بند ہوگیا ۔سنگ باری و جوابی کاروائی کافی دیر تک جاری رہی جس کے سبب 45سالہ فاروق احمد بٹ ولد عبدالرزاق بٹ ساکن لالن گنور کے سر میں پتھر لگا اور اُس سے شدید حالت میں اسپتال میں داخل کیا گیا ۔قصبہ میں دن بھر دکانیں بند رہیں ۔