بشارت راتھر
کوٹر نکہ // 3سگی بہنوں کی جموں میڈیکل کالج سے صحتیاب ہونے کے بعد چندی گڑھ سے اعجاز احمد کو بھی رخصت کیا گیا ہے۔اعجاز کی والد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اسکے بیٹے کو منگل کی صبح پی جی آئی چندی گڑھ سے صحت یاب ہونے کے بعد رخصت کیا گیا اور وہ سہ پہرکو جموں پہنچ گئے ہیں۔اعجازاحمد کو انتہائی تشویشناک حالت میں 12جنوری کو پہلے جموں اور اسکے بعد چندی گڑھ منتقل کیا گیا تھا۔ادھر میڈکل سپر انٹنڈنٹ جی ایم سی راجوری ڈاکٹر شمیم کے مطابق گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری میں پر اسرار بیماری سے متاثر 12افراد زیر علاج ہیں، جبکہ کالج میں شعبہ میڈیسن کے سربراہ ڈاکٹر قادری کا کہنا ہے کہ 12افراد زیر علاج ہیں۔تاہم انکا کہنا ہے کہ وہ خطرے سے باہر ہیں اور اب انکی حالت مستحکم ہے۔کشمیر عظمیٰ نے ڈاکٹر شمیم سے ہسپتال میں داخل متاثرہ افراد کی مکمل تفصیلات کے بارے میں جاننے کی بھی کوشش کی لیکن انہوںنے کہا کہ ان کے پاس مکمل تفصیلات نہیں ہیں کہ ان 12میں کتنے مرد، کتنی خواتین اور کتنے بچے ہیں یا انکی عمر کتنی ہے۔البتہ شعبہ کیمونٹی میڈیسن کے انچارج سربراہ ڈاکٹر شجاع قادری نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ آج بھی کسی لیبارٹری سے کوئی رپورٹ موصول نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا ’’ مریضوں کی حالت مستحکم ہے اور تمام قوائد و ضوابط پر عمل آوری کے بعد ہی ان کو ہسپتال سے رخصت کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایس او پی میں ضروری ہدایات کے علاوہ احتیاطی تدابیر بھی ا ٹھائیں جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے متاثرہ کنبوں کو دوسری جگہوں پر منتقل کرکے انکا کامیابی کے ساتھ علاج کیا ہے لیکن ابھی اموات کے اصل وجہ کے بارے میں ہمیں پتہ نہیں چلا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطرہ اموات کی اصل وجہ جاننے کے بعد ہی ٹل جائے گا۔