محمد تسکین
بانہال //سب ڈویژنل ہیڈکوارٹر بانہال سے منگت تک تعمیر کی گئی رابطہ سڑک پر چند مہینے پہلے ڈالا گیا میکڈم اب اکھڑ رہا ہے اور اس کے خلاف مقامی لوگوں نے احتجاج کیا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بانہال۔ منگت تیس کلومیٹر لمبی رابطہ سڑک ایک درجن سے زائد دیہات اور تقریباً تیس ہزار کی آبادی کو جوڑتی اور اس سڑک پر PMGSY اور اس کے ٹھیکیداروں نے ٹینڈروں کے مطابق کام کو انجام نہیں دیا اور سرکاری رقومات کی مبینہ بندر بانٹ کی گئی۔ منگت ، کڑجی اور سراچی کے مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ چند مہینے قبل میکڈم بچھاتے وقت PMGSY نے کہا تھا کہ میکڈم کی وارنٹی پانچ سال ہے لیکن پانچ مہینے کے اندر اندر میکڈم جگہ جگہ اکھڑ رہاہے جبکہ کئی نالوں پر کلورٹ بنائے ہی نہیں گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پی ایم جی ایس وائی اور اس کے ٹھیکیداروں نے ٹینڈروں میں وضع کئے گئے قواعد وضوابط کی خلاف ورزی کی ہے اور کام کے دوران تمام تر سرکاری احکامات کو بالائے طاق رکھا گیا ہے۔ انہوں نے اس روڈ کی تعمیر میں کی گئی مبینہ بے ضابطگیوں اور خرد برد کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ لوگوں نے محکمہ پی ایم جی ایس وائی سے اس سڑک پر دوبارہ میکڈم بچھانے کا مطالبہ کیا ہے۔