سمبل سوناواری//سمبل سوناواری میں تیز ہوائوں کے نتیجے میں بوسیدہ چنار سے ٹوٹ کر گرنے والی ٹہنی کی زد میں آکر ایک نوجوان لقمہ اجل بن گیا ۔اس واقعے پر علاقے میں غم وغصے کی لہر دوڑ گئی ہے ۔مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ انہون نے متعلقہ انتظامیہ کو بارہا یہ بوسیدہ چنار ہٹانے کی درخواست کی تھی تاہم بروقت کارروائی نہ کئے جانے کے نتیجے میں ایک انسانی جان ضائع ہوگئی ۔منگل کو تین بجکر 45 منٹ پر سمبل مارکیٹ میں تیز ہوائوں کے نتیجے میں ہسپتال کے نزدیک چنار کی شاخ اچانک ٹوٹ گئی جس کی زد میں آکر22 سالہ امتیاز احمد کمہار ولد غلام قادر ساکنہ اشم سوناواری کچل گیا۔اگرچہ مقامی لوگوں نے زخمی نوجوان کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا تاہم ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔اس موقع پر مقامی دکانداروں نے لاش کو لیکر بازار میں جمع ہوکر ضلع انتظامیہ کے خلاف زبردست احتجاج اورنعرے بازی کی۔ٹریڈرس فیڈریشن سمبل سوناواری سے وابستہ افراد نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ ہم نے کئی مرتبہ انتظامیہ سے تحریری طور پر اپیل کی تھی کہ بوسیدہ ہوچکی شاخوں کو تراشاجائے لیکن کوئی بھی ٹس سے مس نہیں ہوا جس کے نتیجے میں آج ایک نوجوان کی موت واقع ہوئی۔اس موقع پر پولیس نے احتجاج کررہے افراد کو یقین دہانی کرائی کہ وہ اس معاملے میں اعلیٰ حکام سے رجوع کریں گے۔امتیاز احمد کمہار کی لاش جب گھر لائی گئی تو وہاں پر صف ماتم بچھ گئی