سرینگر //وادی میں رات کے دوران مطلع صاف رہنے کے نتیجے میں درجہ حرارت میں ریکارڈ توڑ اضافہ ہورہا ہے اور پوری وادی میں کڑاکے کی سردی پڑ رہی ہے۔منگل اور بدھ کی درمیانی رات سرینگر میں منفی6.2 ڈگری سیلشیس درجہ حرارت کے ساتھ رواں موسم کی سرد ترین رات ثابت ہوئی۔درجہ حرارت میں اس قدر گراوٹ کے باعث جھیل ڈل اور دیگر آبی ذخائر کے کناروں کے ساتھ ساتھ پانی کے نل بھی منجمد ہوگئے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ ایک ہفتے تک موسم خشک رہنے اور رات کے دوران درجہ حرارت میں مزید کمی کاامکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 9اور10جنوری کی درمیانی رات ریاست کے گرمائی دارالحکومت سرینگر میں رواں موسم سرما کی سرد رات ثابت ہوئی۔ یہ مسلسل چوتھی رات تھی جب شہر میں کم سے کم درجہ حرارت نقطہ انجماد سے6ڈگری نیچے ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی رات لداخ کا کرگل قصبہ وادی کا سرد ترین علاقہ رہا جہاں اس رات کے دوران کم سے کم درجہ حرارت منفی23.6 رہا۔لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 17.4ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیاجو گزشتہ چار برس کے دوران قصبے میں درج کیا گیا سب سے کم درجہ حرارت تھا۔اس سے پہلے12جنوری2014کو یہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی18.9درج کیا گیا تھا۔اس دوران گلمرگ میں گزشتہ رات کا کم سے کم درجہ حرارت منفی8.6ڈگری سیلشیس اور جنوبی کشمیر کے پہلگام میں منفی7.6ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا۔قاضی گنڈمیں منفی5.4ڈگری سلیشیس ، کوکرناگ میں منفی 2.9 اورکپوارہ میں منفی5.4ڈگری سلیشیس ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آنے والے قریب ایک ہفتے تک وادی میںرات کے کم سے کم درجہ حرارت میں مزید کمی واقع ہونے کا امکان ہے کیونکہ ان دنوں مطلع عمومی طور پر صاف رہے گا۔محکمہ نے کہا ہے کہ17جنوری تک وادی میں کسی بھی جگہ بارشوں یا برفباری کا کوئی امکان نہیں ہے اور وادی کے ساتھ ساتھ لداخ میں بھی دوران شب آسمان صاف رہے گاجس کے نتیجے میں رات کے کم سے کم درجہ حرارت میں مزید کمی واقع ہونے کا امکان ہے۔