سرینگر //دن کے درجہ حرارت میں گراوٹ اور ٹھنڈی ہوائوں کے چلنے کے بیچ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق جمعرات کی شام سے ہی وادی کے بالائی اور میدانی علاقوں میںہلکی برف باری شروع ہوئی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق تازہ مغربی ہوائیں جموں وکشمیر میں داخل ہو چکی ہیں اور جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات کو وادی کے بالائی اور میدانی علاقوں میں بارشیں اور برف باری کا قوی امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ چلہ کلان میں بارش وبرفباری کا یہ دوسرا مرحلہ ہو گا ،پہلا مرحلے میں 4 سے لیکر 6جنوری تک پیر پنچال کے آر پار درمیانہ درجہ سے لیکر بھاری برفباری ہوئی تھی ،جسکی وجہ سے وادی میں زمینی اور ہوائی رابط بری طرح سے متاثر ہوا تھا ۔انہوں نے کہا کہ 11جنوری کو زیادہ برفباری ا بارشین نہیں ہونگی البتہ 12جنوری کو اچھی خاصی برفباری ہوسکتی ہے جس کی وجہ سے زمینی اور فضائی رابطے منقطع ہوسکتے ہیں۔ادھرمحکمہ موسمیات کے ترجمان نے بتایا کہ سرینگر کا کم سے کم درجہ حرارت منفی3ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا ہے جو گذشتہ کچھ دنوں سے قدرے بہتر ہے۔پہلگام اور گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 11.4اورمنفی8.5ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ لداخ خطے کے لیہہ میں یہ منفی15اور کرگل میں منفی18.2ڈگری سیلشیس درج کیا گیا۔ اس دوران بانڈی پورہ گریز رابط سڑک کو ایک ہفتہ بعد بحال کردیا گیا ۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بانڈی پورہ گریز روڑ جمعرات کوٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ،یہ رابط سڑک ایک ہفتہ قبل برفباری کے سبب بند ہوگیا تھا۔