سرینگر//چرار شریف میں شیخ نور الدین نورانی ؒ کی زیارت بنیادی سہولیات سے محروم ہونے کیخلاف مکمل ہڑتال کی گئی۔ شیخ نور الدین ولی ؒ کی زیارت کئی ہفتوں سے بجلی اور پانی سے محروم ہے ، مقامی ٹریڈرس فیڈریشن نے اس اہم مقام کو نظر انداز کرنے کے خلاف مکمل ہڑتال کی جس دوران چرار شریف کی اطرف و اکناف میں معمولات زندگی درہم برہم رہے۔ علاقہ میں تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ سرکاری و غیر سرکاری دفاتر مکمل طور پر بند رہے جبکہ سڑکوں سے گاڑیوں کی نقل و حرکت متاثر رہی۔ واضح رہے ماضی میںآستان عالیہ میں زائرین کے لیے خصوصی انتظامات کے حوالے سے آستان کو بجلی کی خصوصی سپلائی لائن فراہم کی گئی تھی تاکہ دور دراز سے آئے لوگوں کو دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔