نئی دہلی//کانگریس کے سینئر لیڈر پی چدمبرم نے بے روزگاری کے مسئلے پر وزیر اعظم نریندر مودی کی سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ اگر بے روزگاری پر ان کے (مسٹر مودی کے ) دعوے کو سچ مان لیا جائے تو ملک میں کوئی بے روزگار نہیں ہے ۔ مسٹرچدمبرم نے منگل کے روز ٹویٹ کیا کہ "اگر بے روزگاری پر وزیر اعظم کا ر دعوی (تامل اخبار کو دیئے انٹرویو میں) سچ ہے تو پھر ملک میں کوئی بے روزگار نہیں ہے ۔ اتنا ہی نہیں بہت سے لوگ تو دو دو نوکریاں کر رہے ہیں، یہی نہیں ہندوستان نہ صرف ہندوستانیوں کو روزگار دے رہا ہے بلکہ پوری دنیا کے بے روزگار نوجوانوں کو بھی روزگار مہیا کرا رہا ہے ۔سابق مرکزی وزیر خزانہ نے ملک بھر میں ہو نے والے گھوٹالوں کے تناظر میں کہا کہ " انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے خود کو اور وزیر اعظم کو اعزاز کا سرٹیفکیٹ دے رکھا ہے ۔ نہ صرف پانچ معروف لوگ بلکہ 36 لوگ ایسے ہیں جو مالیاتی گھوٹالے کے بعد سے ملک چھوڑ کر بھاگ چکے ہیں" ۔ مسٹر چدمبرم نے سوالیہ لہجے میں کہا کہ "کون ایسا چوکیدار ہے جو دروازہ کھلا رکھتا ہو"۔ یو این آئی