سرینگر// حریت(گ) کے چیرمین سید علی گیلانی نے چاڈورہ میں گزشتہ برس آج ہی کے دن یعنی 27مارچ کوجھڑپ میں مارے گئے عسکریت پسند توصیف احمد وگے کی پہلی برسی، چاڈورہ میں فوج اور نیم فوجی دستوں کی طرف سے ایک الیکشن مخالف عوامی جلوس پر راست فائرنگ کے نتیجے میں 3 عام شہریوں زاہد رشید چاڈورہ، ثاقب احمد واتھورہ اور اشفاق احمد رنگریٹ کی ہلاکت کی پہلی پرسی پر مقامی لوگوں کی طرف سے علاقہ چاڈورہ میں ہڑتال کرنے کی کال کی حمایت کرتے ہوئے جاں بحق ہوئے نوجوانوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کیا۔انہوںنے معرکہ بیروہ آرای زال میںجاں بحق ہوئے جنگجو شفاعت حسین وانی کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے اُن کے لواحقین کو صبروتحمل عطا کئے جانے کی دُعا کی ا ور کہا کہ ہمارے نوجوان اپنے جائز اور مقدس مطالبہ¿ آزادی کے لیے اپنی اٹھتی جوانیوں کی قربانیاں پیش کررہے ہیں۔انہوں نے معرکے کے دوران 17سالہ لڑکی حمیرہ بانو جوکہ اس وقت برزلہ اسپتال میں زیرِ علاج ہے کے حوالے سے بیان میں کہا کہ اسے فوجی جوانوں نے پکڑ کر ٹانگ میں گولی پیوست کرکے زخمی کردیاجبکہ وردی پوش اہلکاروں نے ان کے گھریلو سامان کو تہس نہس کرکے قیمتی سامان لوٹ لیا اور مکینوں کو دھمکیاں دے کر ہراساں کرنے کی کوشش کی۔ گیلانی نے فواج کی طرف سے عام لوگوں پر اپنا نزلہ گرائے جانے کی اس قسم کے واقعات کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قابض افواج کو نہتے عوام کے ساتھ غیر انسانی سلوک روا رکھے جانے کی بزدلانہ کارروائیوں سے باز آنا چاہیے۔