بڈگام /نمائندہ عظمیٰ/ قصبہ چاڈورہ کے مضافاتی گائوں نارندرگوہرپورہ میں اس وقت صف ماتم بچھ گئی جب 2کمسن بھائیوں کی لاشیں مکان کے نزدیک پانی کے گڑھے میں پائی گئیں۔یہ واقعہ سنیچر کی سہ پہر 3بجے پیش آیا جب ظہوراحمدڈارکے دوکمسن بیٹے، جن میں ایک کی عمرمحض 4سال اوردوسرے کی عمر6سال ہے،اچانک لاپتہ ہوگئے۔اہل خانہ نے گائوں کے دیگر لوگوں کیساتھ سنیچر سہ پہر سے دونوں کی تلاش میں پوراگائوں چھان مارالیکن اُن کاکہیں سے کوئی سراغ نہیں مل سکا۔اتوار کی صبح کچھ لوگوں نے ظہوراحمدکے رہائشی مکان کے عقب میں موجودپانی سے بھرے ایک گڑھے میں دونوں کمسن بھائیوں کی نعشوں دیکھا۔اسکی خبرپھیلتے ہی بڑی تعدادمیں مردوزن یہاں جمع ہوئے اوردونوں کمسن بھائیوں کی نعشوں کوگڑھے سے نکالا۔لوگوں کے مطابق غالباًیہ دونوں بھائی کھیلتے کودتے اس گڑھے میں گرنے کے بعدڈوب گئے اوراُنکی موت واقعہ ہوگئی ۔