سرینگر//سابق صدرریاست اور مرکزی وزیرڈاکٹر کرن سنگھ نے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی طرف سے پیرپنچال اور چناب خطہ کیلئے الگ صوبوں کی مانگ کو رد کرتے ہوئے اِسے جموں کوفرقہ وارانہ بنیادوں پر تقسیم کرنے سے تعبیر کیا۔ڈاکٹر کرن سنگھ نے تاہم لداخ اور کرگل خودمختار ترقیاتی کونسلوں کے اس مطالبے کی حمایت کی جس میں ان دونوں کونسلوں نے لداخ کو الگ صوبہ بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔کرن سنگھ نے کہا کہ لداخ تاریخی،جغرافیائی ،تمدنی اور انتظامی لحاظ سے ہمیشہ ایک مخصوص خطہ رہا ہے اور اس کی طرف مکمل توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے لداخ اور کرگل کونسلوں کے مطالبے کی پرزورحمایت کرتے ہوئے کہا کہ محبوبہ مفتی کااس مطالبے کو جموں کے کچھ پہاڑی علاقوں سے جوڑنابدقسمتی ہے ،جو نہ صرف غلط ہے بلکہ اس کا لداخ کے مطالبے سے کوئی لینادینا نہیں ہے اور گورنر کو اس کا سنجیدہ نوٹس لینا چاہیے۔