عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//ایک ایسے وقت جب جموں وکشمیر میں پہلگام حملہ کے بعد سیاحتی شعبہ ڈنواں ڈول ہے ،جموں و کشمیر حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ، جو محکمہ سیاحت کے قلمدان کے بھی نگران ہیں، پیرس میں ہونے والے بین الاقوامی سیاحتی پروگرام آئی ایف ٹی ایم ریساٹاپ میں یوٹی وفد کی قیادت کریں گے۔ یہ پروگرام 23سے 25ستمبر تک جاری رہے گا۔اس ضمن میں عمومی انتظامی محکمہ کےکمشنر سیکریٹری ایم راجو کی جانب سے جاری کئے گئے سرکاری حکم نامے کے مطابق اس وفد میں وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی اور ڈائریکٹر ٹورازم جموں، وکاس گپتا بھی شامل ہیں۔ اس سفر پر آنے والے تمام اخراجات محکمہ سیاحت برداشت کرے گا۔واضح رہے کہ آئی ایف ٹی ایم ریسا ٹاپ میلہ دنیا کے سب سے بڑے سیاحتی میلوں میں شمار ہوتا ہے، جہاں مختلف ممالک اور خطے اپنی سیاحتی صلاحیت کو اجاگر کرتے ہیں۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ جموں و کشمیر کا اس سطح پر نمائندگی کرنایوٹی کی سیاحت کے فروغ کے لیے ایک مثبت قدم ہے اور اس سے عالمی سطح پر کشمیر کی سیاحتی صلاحیت کو بہتر طریقے سے پیش کرنے کا موقع ملے گا۔اس دوران پیر س سیاحتی میلہ میں شرکت کیلئے فرانس روانگی سے قبل وزیراعلیٰ نےجموں و کشمیر میں ابھرتے ہوئے سیاحتی مقامات کی ترقی پر جائزہ اجلاس کی صدارت کی ۔اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ نے شناخت شدہ مقامات کیلئے سائٹ کی مخصوص سیاحت کی ترقی شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور ہر مقام کیلئے ماسٹر پلان پر توجہ دی ۔ انہوں نے ماحولیاتی طور پر پائیدار سیاحت کو یقینی بنانے کیلئے وقف شدہ ٹھوس اور مائع فضلہ کے انتظام کے نظام بنانے کی اہمیت کو اجاگر کیا ۔ انہوں نے ادارہ جاتی میکانزم کو مضبوط کرنے کیلئے مناسب عملے کے ساتھ پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ قائم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ انہوں نے ٹورازم ڈیپارٹمنٹ کو کابینہ کی منظوری کیلئے تجاویز جلد سے جلد پیش کرنے کی ہدایت دی ۔ اس موقع پر ابھرتے ہوئے سیاحتی مقامات کی صلاحیت اور مقامی نوجوانوں کیلئے روز گار کے مواقع کے بارے میں ایک پرذنٹیشن دی گئی ۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ محکموں پر زور دیا کہ ابھرتے ہوئے سیاحتی مقامات کی ترقی کے دوران معیشت ، ماحولیات اور مساوات کے درمیان احتیاط سے توازن برقرار رکھا جائے ۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے سیاحت ایپ کا بھی افتتاح کیا جو سیاحوں اور دیگر دلچسپی رکھنے والوں کو جموں و کشمیر کے سیاحتی مقامات ، دستیاب سہولیات اور دیگر متعلقہ معلومات کو دریافت کرنے میں مدد دے گی ۔