مینڈھر+نوشہرہ+راجوری//پونچھ اور راجوری اضلاع میں حدمتارکہ پرحالات مسلسل کشیدہ بنے ہوئے ہیں ۔جمعرات کوآر پار گولہ باری اور فائرنگ کے نتیجہ میں ایک خاتون ہلاک اور چھٹی پر گھر آئے ایک فوجی اہلکار سمیت متعددافراد زخمی ہوگئے جبکہ کئی مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔
مینڈھر
کے جی منکوٹ سیکٹر میں علی الصبح چھ بجے سے ہی گولہ باری کے تبادلہ کاعمل شروع ہوگیاجس کے دوران شام لگ بھگ ساڑے چاربجے ایک گولہ چھجلہ میں ایک مکان کے بالکل آگے آگراجس کی زدمیں آکرایک خاتون موقعہ پرلقمہ اجل ہوگئی جس کی شناخت امینہ اختر(32)دخترمحمدصادق ساکنہ چھجلہ کے طورپرکی گئی جبکہ ایک فوجی اہلکار سمیت دوافراد شدیدزخمی ہوئے ہیں جنھیں علاج ومعالجہ کیلئے راجوری منتقل کیاگیاہے۔ 3جیکلائی کاجوان ذاکرحسین ولدعبدالحمیدساکنہ بلنوئی ،جوکہ فی الوقت کپواڑہ میں تعینات ہے ،پچھلے کچھ دنوں سے گھرپرچھٹی آیاہواتھابھی،اُس وقت گولہ باری کی زدمیں آکرشدیدزخمی ہوا جب وہ کھیتوں میں سے گزر رہا تھا۔اسے آرمی ہسپتال راجوری منتقل کیاگیاجبکہ ایک خاتون نسیم اختر(28)زوجہ محمدیونس ساکن نارمنکوٹ بھی گولہ باری کی زدمیں آکرشدیدزخمی ہوگئی جسے ابتدائی طورپرسب ضلع ہسپتال مینڈھرلے جایاگیاجہاں سے اسے راجوری ہسپتال منتقل کیاگیا۔بلاک میڈیکل آفیسر مینڈھر ڈاکٹر پرویز خاننے بتایا کہ خاتون کو مردہ حالت میں ہسپتال لایا گیا جبکہ رخصتی پر آئے ایک فوجی سمیت دو زخمی بھی سب ضلع ہسپتال مینڈھر لائے گئے جن میں سے فوجی اہلکارکو آرمی ہسپتال راجوری منتقل کیاگیا۔ذرائع نے بتایاکہ کے جی منکوٹ سیکٹر،بالاکوٹ اورمینڈھرسیکٹروںمیںدن بھررک رک کرگولہ باری کاسلسلہ جاری رہا اورشام چھ بجے کے بعدشدیدگولہ باری شروع ہوگئی جوتا دم تحریرجاری تھی۔بتایاجاتاہے کہ گزشتہ روزمینڈھرقصبے سے ڈیڑھ دوکلومیٹرکی دوری پرگولے گرے اورگولہ باری کی وجہ سے لوگوں میں شدیدخوف وہراس پایاجارہاہے اورلوگ اپنے گھروں میں محصورہیں ۔پونچھ ضلع کے ہی کھڑی کرماڑہ اور ڈگوار سیکٹروں میں بھی گولہ باری کا سلسلہ جاری ہے جو دوپہر تین بجے شروع ہوا تھاجس کی وجہ سے لوگ گھروں میں سہم کر رہ گئے ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ راہل یادو کا کہناہے کہ ضلع میں گولہ باری کی وجہ سے ایک موت واقع ہوئی جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے ۔انکے مطابق گولہ باری کی وجہ سے ایک گائو خانہ تباہ ہوا جبکہ کئی مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ۔انہوںنے کہا کہ حد متارکہ کے پانچ کلو میٹر کے دائرے میں سکول بند تھے جو آج یعنی جمعہ کو بھی بند ہی رہیں گے۔
نوشہرہ
جمعرات کو نوشہرہ سیکٹر میں مسلسل ساتویں روز آر پار فائرنگ ہو ئی ۔ فوجی ذرائع کے مطابق صبح ساڑھے دس بجے پاکستانی فوج نے سریاہ، مکڑی، سیر ،کڈالی ، کلسیاں، بابا کھوڑی، کھوڑی، تڑوئی، پوکھرا،کلال اور مہادیو مینکا چوکیوں کو نشانہ بنا کر گولے داغے اور خود کار ہتھیاروں سے فائرنگ کی جس کے نتیجہ میں دو خواتین زخمی ہوگئیں۔ زخمی خواتین کی شناخت 30سالہ انو بالہ زوجہ گوربخش اور 55سالہ کملیش زوجہ پرشوتم لال ساکنان کلسیاںکے طور پر کی گئی ہے۔ان دونوں کو نوشہرہ سب ضلع ہسپتال میں بھرتی کروایا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرہ سے باہر بیان کی جاتی ہے ۔ کئی گولے رہائشی علاقوں میں گرے جن سے متعدد مکانات کو نقصان پہنچا جب کہ کئی مویشیوںکے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ سندر بنی سیکٹر میں بھی چار بجے گولہ باری شروع ہوئی جو ایک گھنٹہ تک جاری رہی جس کے بعد علاقہ میں خاموشی ہے۔
ایل او سی پر پاک فوج ہائی الرٹ
بھاری فائرنگ سے4شہری ہلاک
نیوز ڈیسک
اسلام آباد //پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری حالیہ کشیدگی کے باعث دونوں ممالک کے درمیان موجود سرحد پر پاک فوج کو ہائی الرٹ کردیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بھارت کی جانب سے کی جانے والی کسی بھی جارحیت اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی خلاف ورزی کا بروقت جواب دینے کے لیے مشرقی سرحد پر فوج کو ہائی الرٹ کردیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی جارحیت کو روکنے کے لیے پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کو بھی پہلے سے ہی ہائی الرٹ کیا جا چکا ہے۔بیان میں بتایا گیا کہ گزشتہ 48 گھنٹوں میں بھارتی فوج نے کوٹلی، کھوارہٹ او تتا پانی سیکٹرز پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کی تاہم پاک فوج نے انہیں بر وقت جواب دے کر ان کی بندوقیں خاموش کرادیں۔بیان میں کہا گیا کہ ایل او سی پر بھارتی فائرنگ سے 4 شہری ہلاک اور 2 زخمی بھی ہوئے۔