اننت ناگ // اچھہ بل میں جنگجوئوں کی جانب سے سابق ریاستی وزیرکی رہائش گاہ پر مامور پولیس اہلکاروں سے ہتھیار چھیننے کی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔معلوم ہوا ہے کہ رات دیر گئے قریب ساڑھے دس بجے تھجی وارہ اچھہ بل اننت ناگ میںسابق ایل اے شانگس اور ریاسی وزیر پیر محمد حسین ، جو وقف بورڈ کے سابق چیئرمین بھی ہیں کی ذاتی رہائش گاہ کی حفاظت پر مامور پولیس عملے پر جنگجوئوں نے دھاوا بولنے کی کوشش کے دوران فائرنگ کی اور انکے ہتھیار چھیننے کی کوشش بھی کی۔ لیکن پولیس عملے نے ہوشیاری دکھا کر جوابی فائرنگ کی اور طرفین میں کچھ منٹ تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔اسکے فوراً بعد فورسز اہلکار یہاں پہنچ گئے لیکن تب تک جنگجو فرار ہوچکے تھے۔پولیس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بظاہر جنگجو پولیس عملے کے ہتھیار چھیننے کی غرض سے حملہ آور ہوئے تھے۔فورسز نے علاقے میں کئی مقامات پر چھاپے مارنے کی کارروائی عمل میں لائی۔